November 17, 2026

عوامی خدمت کی روشن مثال — ملک عالم شیر چھینہ خصوصی تحریر: راجہ نورالہیٰ عاطف

IMG-20251010-WA0283

عوامی خدمت کی روشن مثال — ملک عالم شیر چھینہ

خصوصی تحریر: راجہ نورالہیٰ عاطف

عوامی خدمت ایک ایسا جذبہ ہے جو خلوص نیت، ایثار اور قربانی کا تقاضا کرتا ہے۔ جو شخص ذاتی مفاد سے بالاتر ہو کر اپنی برادری، علاقے اور عوام
کی خدمت کو مقصدِ حیات بنا لے، وہ درحقیقت قوم کا حقیقی خادم کہلاتا ہے۔ ضلع خوشاب کی تحصیل نورپورتھل میں سابق نائب ناظم ملک عالم شیر چھینہ مرحوم بھی انہی شخصیات میں شمار ہوتے تھے۔ جنہوں نے ہمیشہ اپنی سیاست اور قیادت کو خدمتِ خلق کا ذریعہ بنایا۔
ملک عالم شیر چھینہ ایک باکردار، دردمند اور عوام دوست رہنما کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ انہوں نے اپنے دورِ نظامت میں سابق ایم پی اے ملک محمد وارث کلو مرحوم کے ساتھ ملکر اپنے علاقے کی فلاح و بہبود، تعلیمی اداروں کی بہتری، سڑکوں اور بنیادی ڈھانچے کی تعمیر و مرمت، صاف پانی کی فراہمی اور عوامی سہولیات کے متعدد منصوبے مکمل کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔ وہ ملک محمد وارث کلو مرحوم کے دست راست سمجھے جاتے تھے بلکہ ان کا ڈیرہ ایم پی اے پبلک سیکریٹریٹ کا منظر پیش کرتا تھا ۔ ملک عالمشیر چھینہ کے فیصلے ہمیشہ عوامی مفاد کو مدنظر رکھ کر کیے گئے، جس کی بدولت انہیں ہر طبقے میں عزت و احترام حاصل ہوا۔
ان کی قیادت کا سب سے نمایاں پہلو بےلوث خدمت کا جذبہ تھا۔ ملک عالم شیر چھینہ نے کبھی ذاتی مفاد یا عہدے کی خواہش کو عوامی خدمت پر ترجیح نہیں دی۔ یہی وجہ ہے کہ وہ آج بھی عوام کے دلوں میں ایک مخلص راہنما کے طور پر زندہ ہیں۔ وہ جب تک زندہ رہے ان کی موجودگی ہر غمگسار موقع پر عوام کے ساتھ رہی — خواہ وہ کسی غریب کی مالی مدد ہو، کسی بیمار کے علاج کا بندوبست یا کسی غریب طالب علم کی تعلیمی کفالت۔
ان کی سماجی خدمات محض ایک دور تک محدود نہیں رہیں، بلکہ آج بھی ان کے صاحبزادے نامور سیاسی و سماجی شخصیت ملک علی رضا چھینہ اپنے والد محترم کے نقش قدم پر چلتے ہوءے ایکس ایم پی اے بیرسٹر ملک معظم شیر کلو کے ساتھ ملکر وہ اپنے علاقے کے مسائل کے حل کے لیے سرگرم عمل ہیں۔ ملک عالم شیر چھینہ نوجوانوں کو ہمہ وقت مثبت کردار ادا کرنے کی تلقین کرتے تھے۔ وہ تعلیم، اتحاد اور دیانت کو کامیابی کی کنجی سمجھتے تھے۔
رقم الحروف کو ایک کلاس فیلو کی حیثیت سے ملک عالم شیر چھینہ کی شخصیت کو قریب سے دیکھنے اور پرکھنے کا موقع ملا ۔ موصوف نہایت مخلص ، بے لوث ، بے ضرر، غمگسار اور معاملہ فہم شخصیت کے مالک تھے ۔ اپنے نظامت کے دور میں وہ راقم سے معاشرتی فلاح و بہبود کے لیے اکثر و بیشتر ٹیلیفونک گفتگو کے ذریعے مختلف شہری اور علاقائی معاملات میں مشاورت کرتے اور ہمیشہ اجتماعی عوامی فلاح و بہبود کو ترجیح دیتے ۔
اگر ہم غور کریں تو ایسے ہی مخلص اور بےلوث رہنما کسی بھی معاشرے کے لیے سرمایۂ افتخار ہوتے ہیں۔ ملک عالم شیر چھینہ مرحوم جیسے افراد وہ چراغ ہیں جو اندھیروں میں روشنی پھیلاتے ہیں، اور اپنی عملی جدوجہد سے ثابت کرتے ہیں کہ خدمت صرف نعرہ نہیں، بلکہ ایک عہد اور ذمہ داری ہے۔
آخر میں یہی کہا جا سکتا ہے کہ ملک عالم شیر چھینہ مرحوم کی خدمات ایک مشعلِ راہ ہیں، جنہیں آئندہ نسلوں کے لیے مثال کے طور پر پیش کیا جا سکتا ہے۔ اگر ہر سطح پر اسی جذبے سے عوامی خدمت کا تسلسل برقرار رکھا جائے تو ہمارے علاقے کا مستقبل یقیناً روشن اور خوشحال ہوگا۔ برسبیل تذکرہ راقم اس بات کا ضرور اظہار کرنا چاہے گا کہ ملک عالم شیر چھینہ مرحوم کے صاحبزادے ملک علی رضا چھینہ نہ صرف اپنے والد محترم کی سیاسی تعلقات کو نہایت خوش اسلوبی سے نبھانے کے لیے اور خلوص طور پر کوشاں نظر آتے ہیں بلکہ وہ اپنی چھینہ برادری کہ اتحاد و یگانگت اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے بھی اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں ۔