ہیرو ہیڈماسٹر ایوارڈ — ملک عابد اقبال کی شاندار تعلیمی خدمات کا اعتراف خصوصی تحریر: راجہ نورالہیٰ عاطف
ہیرو ہیڈماسٹر ایوارڈ — ملک عابد اقبال کی شاندار تعلیمی خدمات کا اعتراف
خصوصی تحریر: راجہ نورالہیٰ عاطف
تعلیم ہر دور میں انسانی ترقی اور سماجی شعور کی بنیاد رہی ہے۔ جس معاشرے میں اساتذہ کو عزت دی جاتی ہے، وہاں علم و تہذیب کے چراغ کبھی نہیں بجھتے۔ انہی درخشاں چراغوں میں سے ایک نام گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول ظفر آباد رنگپور بگھور کے ہیڈماسٹر ملک عابد اقبال کا ہے، جنہیں حال ہی میں گورنمنٹ ٹیکنیکل ہائی سکول جوہرآباد میں منعقدہ ایک پروقار تقریب کے دوران ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ایلیمنٹری سکولز خوشاب فیض الحسن ملک ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ایلیمنٹری سکولز زنانہ خوشاب میڈم امانت جسرہ اور اسسٹنٹ کمشنر تحصیل خوشاب چوہدری ضیاء اللہ کی طرف سے ہیرو ہیڈماسٹر ایوارڈ سے نوازا گیا — یہ اعزاز دراصل اُن کی برسوں پر محیط علمی، تعلیمی اور انتظامی خدمات کا کھلا اعتراف ہے۔ واضح رہے کہ محکمہ ء تعلیم تحصیل نورپورتھل کے سرمایہ ء افتخار ملک عابد اقبال کا تعلق رنگپور بگھور سے ہے ۔ آپ انتہائی ہر دلعزیز ،پروقار، ملنسار ، بردبار، خوش گفتار،ہنس مکھ، خوش اخلاق اور معاملہ فہم شخصیت کےمالک ہیں۔ موصوف اپنے انہی اوصاف حمیدہ کی وجہ سے عوامی، سماجی اور تعلیمی حلقوں میں نہایت عزت و احترام کی نظر سے دیکھے جاتے ہیں اور یکسر مقبول ہیں ۔ ملک عابد اقبال کو اللہ تبارک و تعالی ا کی ذات والا صفات نے اعلی ا انتظامی صلاحیتیں ودیعت کی ہیں جنہیں موصوف بروءےکار لا کر گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول ظفر آباد رنگپور بگھورکے لیے مثالی تعلیمی خدمات سر انجام دے رہے ہیں ۔ رنگپوربگھور کے یہ قابل فخر سپوت معروف سئینر صحافی ایم نوردین کے بھتیجے اور اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر ملک محمد امتیاز نسیم کے کزن ہیں۔ آپ طویل عرصے سے شعبہء تدریس سے وابستہ ہیں ۔ آپ کے متعدد شاگردان عزیز اندرون اور بیرون ملک مختلف شعبہ ہاءے زندگی کے لیے خدمات سرانجام دے رہے ہیں ۔ آپ نے بطور سربراہ مختلف سرکاری تعلیمی اداروں کی فلاح و بہبود کے لیے مثالی خدمات سر انجام دی ہیں ۔
ملک عابد اقبال نے اپنی تدریسی زندگی کا آغاز انتہائی عزم اور خدمت کے جذبے سے کیا۔ اُنہوں نے ہمیشہ تعلیم کو محض نصاب تک محدود نہیں رکھا بلکہ اسے کردار سازی، اخلاقی تربیت اور سماجی بہتری کا ذریعہ بنایا۔ اُن کے زیرِ انتظام گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول ظفر آباد رنگپور بگھور آج علاقے کے بہترین تعلیمی اداروں میں شمار ہوتا ہے، جہاں طلباء کے نتائج، نظم و ضبط اور تربیتی ماحول نے نئی مثالیں قائم کی ہیں۔ ان کی بھرپور رہنمائی اور سرپرستی کی وجہ سے سکول ہذا کےہونہار طلباء نے ہمیشہ نصابی اور نصابی سرگرمیوں میں قابل رشک کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور حال ہی میں محکمہ ء تعلیم حکومت پنجاب کی ہدایت پر منعقد ہونے والے حسن قرآت کے مقابلوں میں سکول ہذا کے ہونہار طالب علم محمد فضیل نے سرگودھا ڈویژن میں پہلی پوزیشن حاصل کر کے صوبائی لیول کے مقابلہ حسن قرآت کے لیے کوالیفائی کیا ہے ۔ اسی طرح اگر اس ادارے کی تعلیمی میدان میں پے در پے شاندار کامیابیوں کا راقم الحروف (راجہ نورالہی عاطف) ذکر کرے تو یہ ایک کالم اس کا متحمل اس لیے نہیں ہو سکتا کہ یہ بہت طوالت اختیار کر جائے گا ۔
تعلیم کے میدان میں ملک عابد اقبال کا وژن ہمیشہ مستقبل بین رہا ہے۔ وہ طلباء کو صرف کامیاب طالب علم ہی نہیں، بلکہ ایک ذمہ دار شہری بنانے پر یقین رکھتے ہیں۔ ان کے نزدیک اسکول صرف عمارت نہیں بلکہ شخصیت سازی کی نرسری ہے، جہاں بچوں کے ذہن و کردار دونوں کو پروان چڑھایا جاتا ہے۔
اساتذہ کرام کے ساتھ ملک عابد اقبال کا رویہ ہمیشہ مشفقانہ اور مشاورت پر مبنی رہا۔ وہ ہر معلم کو ادارے کا ستون سمجھتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے سکول میں ایک ٹیم ورک اور باہمی احترام کا ماحول ہمیشہ نمایاں رہا ہے۔ ان کی قیادت میں اساتذہ کرام نے اپنے فرائض کو ایک مقدس مشن کے طور پر انجام دیا، جس کا نتیجہ اعلیٰ کارکردگی اور مثالی نتائج کی صورت میں سامنے آیا۔
ملک عابد اقبال کا نام صرف ایک ہیڈماسٹر کا نہیں، بلکہ ایک رہنما، مصلح اور مربی کا ہے۔ انہوں نے جدید تعلیمی رجحانات کو اپناتے ہوئے اسکول میں ڈیجیٹل لرننگ، سمارٹ کلاسز اور تربیتی ورکشاپس جیسے اقدامات متعارف کرائے۔ ان کی کوششوں سے تعلیمی ماحول میں جدت، طلباء میں خود اعتمادی اور والدین میں ادارے پر اعتماد میں نمایاں اضافہ ہوا۔
ہیرو ہیڈماسٹر ایوارڈ دراصل اُن کی انہی کاوشوں، لگن اور خلوص کا اعتراف ہے۔ یہ اعزاز نہ صرف ملک عابد اقبال کی ذاتی کامیابی ہے بلکہ علاقہ تھل کے پورے تعلیمی طبقے کے لیے باعثِ فخر ہے۔ یہ پیغام دیتا ہے کہ جب ایک استاد ایمان داری اور جذبہ خدمت کے ساتھ اپنا کردار ادا کرتا ہے تو وہ قوم کے مستقبل کو روشن کرنے والا چراغ بن جاتا ہے۔ عزت مآب فیض انتساب ملک عابد اقبال جیسے اساتذہ کرام ہمارے معاشرے کے اصل معمار ہیں۔ اُن کی محنت، دیانت اور تعلیم دوستی آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ یقیناً ایسے اساتذہ کرام کے دم سے ہی علم کا سفر آگے بڑھتا ہے، اور قومیں ترقی و وقار کی منزلیں طے کرتی ہیں۔