November 17, 2026

سرگودھا (راجہ نورالہی عاطف سے )ممتاز ماہر تعلیم کئی تعلیمی ایوارڈز یافتہ سینئر ہیڈ مسٹریس محترمہ شہناز اختر رانجھا نے کہا ہے کہ

IMG-20251005-WA0078

سرگودھا (راجہ نورالہی عاطف سے )ممتاز ماہر تعلیم کئی تعلیمی ایوارڈز یافتہ سینئر ہیڈ مسٹریس محترمہ شہناز اختر رانجھا نے کہا ہے کہ حکومتِ پنجاب تعلیمی فروغ کے لیے قابلِ قدر کردار ادا کر رہی ہے ۔ پنجاب بھر میں تعلیم اور تعلم کے لیے جدوجہد جاری ہے ۔ اساتذہ کرام کا احترام کامیابی کی دلیل ہے ۔ قومی ترقی میں اساتذہ کرام تاریخی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ جو طالب علم اپنے اساتذہ کا احترام کرتے ہیں ، کامیابی اُن کا استقبال کرتی ہے ۔ اُنھوں نے ان خیالات کا اظہار گورنمنٹ گرلز ہائی سکول 91شمالی سرگودھا میں سلام ٹیچر ڈے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس کے مہمانان ِ خصوصی ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم اور نجمہ منصور تھے۔ نظامت کے فرائض محترمہ طاہرہ جبیں نے انجام دیے۔ محترمہ شہناز اختر رانجھا نے مزید کہا کہ استاد کو اپنے شاگردوں کے لیے رول ماڈل ہونا چاہیے۔ ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم نے طالبات کو تلقین کی کہ وہ اپنے اساتذہ کا احترام کریں۔ ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کی تمام تر کامیابیوں میں اُن کے اساتذہ کرام کا کردار پوشیدہ ہے ۔ اقبال ؒ نے اساتذہ کرام کی جس انداز میں عزت کی ہے وہ آج کے طالب علموں کے لیے مشعل راہ ہے ۔ سید میر حسن کی تربیت نے اُن کی شخصیت کو کندن بنا دیا ۔ محترمہ نجمہ منصور نے کہا کہ اچھا استاد اپنے طالب علموں کے اذہان پر حکمرانی کرتاہے ۔ ہمارے طالب علم ، ہمارے ہر عمل کی تقلید کرتے ہیں۔ سینئر پرنسپل محترمہ عظمیٰ یاسمین نے اساتذہ کرام کی قدرو منزلت کے حوالے سے گفتگو کی۔ اُنھوں نے کہاکہ استاد کبھی ریٹائر نہیں ہوتا ۔ اس کا طرز عمل ، اُسے زندہ رکھتا ہے ۔ طالبات نے استاد کی قدرو منزلت کے حوالے سے ٹیبلو پیش کیے۔ مقررین نے اچھے نتائج اور سکول کی تعمیر و ترقی میں میڈم شہناز اختر رانجھا کی خدمات کو ہدیہ تحسین پیش کیا۔ اچھے نتائج اور مختلف سرگرمیوں میں اچھی کارگزاری کے اعتراف میں پرنسپل کی طرف سے ٹیچرز کو اسناد دی گئیں۔ پاکستان زندہ باد کے ولولہ انگیز نعرے سے تقریب اختتام پذیر ہوئی۔