قینچی، شیو اور کنگھی کی معیشت
قینچی، شیو اور کنگھی کی معیشت
جب پہلی بار گیلٹ پاکستان کے بارے میں خبر آئی کہ یہ کمپنی اسٹاک ایکسچینج سے ڈیلِسٹ ہونے جا رہی ہے تو دل کے کسی کونے میں عجب سی خراش جاگی۔ سوچا، یہ تو وہی کمپنی ہے جس کے بلیڈ ہماری دادی اماں کے صندوقچے میں بھی مل جاتے تھے اور ابا جی کے شیونگ بکسے میں بھی۔ جس نے کئی دہائیوں تک پاکستانیوں کے چہرے کو صاف رکھا، جن کی مصنوعات ہمارے غسل خانوں کی الماریوں میں اپنی موجودگی کا اعلان کرتی رہیں۔ اور آج؟ آج وہی کمپنی یہ کہہ رہی ہے کہ ہم جا رہے ہیں۔
یہ خبر محض ایک کارپوریٹ فیصلہ نہیں، یہ ہماری معیشت کی وہ کنگھی ہے جو ہمارے بالوں کی الجھنوں کو اور زیادہ نمایاں کر رہی ہے۔ ایک اور بڑا برانڈ، ایک اور سرمایہ کار، ایک اور کاروباری ستون اپنی جڑیں کاٹ کر جا رہا ہے۔ اور ہم کھڑے ہیں، ایک تماشائی کی طرح، ہاتھ میں اخبار پکڑے یہ سوچتے ہوئے کہ ’’چلو جی، یہ بھی گیا۔‘‘
پاکستان اسٹاک ایکسچینج کبھی سرمایہ کاروں کے خوابوں کا مرکز تھا۔ یہاں گونجنے والی ہر گھنٹی کسی نہ کسی کے اعتماد کا اعلان کرتی تھی۔ لیکن اب؟ اب وہی گھنٹیاں سنسانی میں بدل چکی ہیں۔ جب گیلٹ جیسی ملٹی نیشنل کہتی ہے کہ ہم اپنی جگہ کسی “تھرڈ پارٹی ڈسٹری بیوٹر” کو دے دیں گے، تو اس کا مطلب یہ ہے کہ براہِ راست سرمایہ کاری اور نوکریوں کا باب بند ہو گیا۔ یہ اس دکان کا شٹر گرانے جیسا ہے جہاں کبھی رونقیں تھیں، اور اب صرف مکھیوں کی بھنبھناہٹ باقی ہے۔
سوچیے… ایک ایسی کمپنی جو برسوں تک لوگوں کے روزمرہ کا حصہ رہی، وہ کیوں جا رہی ہے؟ کیا اسے یہاں کی مارکیٹ میں گنجائش نہیں مل رہی؟ کیا اس ملک کے قوانین اتنے پیچیدہ ہیں کہ بڑی کمپنیاں اپنا بوریا بستر لپیٹنے پر مجبور ہو گئی ہیں؟ یا پھر یہ ہماری معیشت کے اس بحران کی علامت ہے جو بتدریج ہماری رگوں میں اتر رہا ہے؟
گیلٹ کا جانا صرف ایک کمپنی کا جانا نہیں، یہ اعتماد کے اس باب کا بند ہونا ہے جو سرمایہ کار اس ملک پر رکھتے تھے۔ ایک وقت تھا جب ہر ملٹی نیشنل پاکستان میں آنے کو اعزاز سمجھتی تھی۔ یہاں کے بازاروں کو اپنی مصنوعات سے بھر دینا ان کا خواب ہوتا تھا۔ مگر اب؟ اب وہی کمپنیاں کہہ رہی ہیں کہ ہم اپنے راستے بدل رہے ہیں۔
اب آپ ذرا ایک عام آدمی کے زاویے سے دیکھیے۔ گیلٹ کے بند ہونے سے شاید اسے فوری طور پر کوئی فرق نہ پڑے، کیونکہ بلیڈ تو بازار میں کسی اور کمپنی کے بھی مل جائیں گے۔ شیو کی جھاگ کسی اور برانڈ کی بھی استعمال ہو سکتی ہے۔ مگر اصل فرق اُس اعتماد کا ہے جو رفتہ رفتہ تحلیل ہو رہا ہے۔ معیشت صرف نوٹوں، اسٹاکس یا گراف کی کہانی نہیں ہوتی۔ معیشت وہ “اعتماد” ہے جو سرمایہ کار کے دل میں ہوتا ہے، اور وہ “یقین” ہے جو صارف کے چہرے پر جھلکتا ہے۔ جب کمپنیاں ڈیلِسٹ ہوتی ہیں، تو دراصل یہ اعلان کرتی ہیں کہ ’’ہمیں اس بازار پر اب بھروسہ نہیں۔‘‘
یہ المیہ ہماری قومی کہانی کی طرح ہے۔ ایک وقت تھا جب ہم “امید کے اسٹاک ایکسچینج” میں رجسٹرڈ تھے۔ سرمایہ دار، صنعت کار، تاجر—سب یہاں اپنا حصہ ڈالنے کو تیار تھے۔ لیکن پھر پالیسیوں کی بے یقینی، معیشت کی غیر مستحکم بنیادیں اور حکومتی سطح پر ترجیحات کی کمی نے اس ایکسچینج کو بداعتماد بنا دیا۔
راہی رنگ یہ کہتا ہے کہ گیلٹ کا جانا ایک علامت ہے۔ یہ ہمارے اس عہد کی تصویر ہے جہاں شیو کی جھاگ تو موجود ہے مگر اعتماد کا جھاگ بیٹھ چکا ہے۔ بلیڈ اب بھی ملیں گے مگر معیشت کی کتر بیونت اتنی بے ڈھنگی ہو چکی ہے کہ چہرہ کٹنے سے بچ نہیں پاتا۔
سوچنے کی بات یہ ہے کہ اگر آج گیلٹ گئی ہے تو کل کوئی اور برانڈ جائے گا، اور پرسوں شاید کوئی پورا سیکٹر۔ یہ سلسلہ رکا نہیں تو ہم صرف پرانی یادوں میں ہی یہ کہتے رہ جائیں گے کہ “یاد ہے، ایک زمانے میں یہاں بھی بڑی کمپنیاں ہوتی تھیں۔”
اب وقت ہے کہ ریاست یہ سمجھ لے کہ سرمایہ کار کے لیے صرف بجلی، پانی اور گیس ہی ضروری نہیں ہوتے، اسے سب سے زیادہ ضرورت یقین دہانی کی ہوتی ہے، ایک ایسے ماحول کی جہاں اسے کل کی فکر نہ ہو۔ جب تک ہم یہ ماحول نہیں دیں گے، ایک ایک کر کے سب کمپنیاں اپنا شیو بکسہ سمیٹ کر چلی جائیں گی، اور ہم آئینے کے سامنے یہ سوچتے رہ جائیں گے کہ آخر ہماری داڑھی اتنی بے ہنگم کیوں ہو گئی۔
@@@@@@@@@@@@@@@@