November 17, 2026
IMG-20251003-WA0256(1)

آواز کا قتل عام

کبھی سوچا تھا کہ ایک دن ایسا بھی آئے گا جب صحافت کے قلعے پر خود ریاستی دستے چڑھ دوڑیں گے؟ اسلام آباد کا نیشنل پریس کلب—جہاں لفظوں کی آزادی کو ہمیشہ سب سے بڑا ہتھیار مانا گیا—کل پولیس کے جوتوں تلے روند دیا گیا۔ وہی پریس کلب، جو برسوں سے اختلاف رائے کا مرکز رہا، جہاں سے صحافت کی جنگیں لڑی گئیں، کل خون، آنسو اور ٹوٹے ہوئے کیمرے دیکھتا رہا۔

یہ کوئی عام چھاپہ نہیں تھا۔ یہ صحافت پر ایک علامتی حملہ تھا۔ کیمروں کے لینز توڑنا صرف شیشے توڑنا نہیں ہوتا، یہ دراصل سچائی کو اندھا کرنے کی کوشش ہے۔ رپورٹرز کو گھسیٹنا، مائیک چھیننا اور کاغذ پھاڑنا… یہ سب ایک پیغام ہے: “سوال نہ پوچھو، خاموش رہو، جو ہم کہیں وہ لکھو۔”

کل جب پولیس کی بکتر بند گاڑیاں پریس کلب کے دروازے پر رکیں، تو لمحہ بھر کو لگا جیسے یہ کوئی سرحدی مورچہ ہے، جہاں دشمن حملہ کرنے آیا ہے۔ مگر حیرت کی بات یہ تھی کہ دشمن باہر سے نہیں آیا، اندر سے بھیجا گیا تھا۔ وہی لوگ جو آئین کی حفاظت کے دعویدار ہیں، انہی کے ہاتھوں آئین کی شق 19 (آزادی اظہار) کو زنجیروں میں جکڑ دیا گیا۔

ایک صحافی کو بالوں سے پکڑ کر زمین پر گھسیٹا گیا۔ ایک فوٹو جرنلسٹ کی کیمرہ لینس پر لاٹھی ماری گئی۔ اور جب ایک بزرگ رپورٹر نے کہا: “یہ پریس کلب ہے، جنگ کا میدان نہیں”… تو جواب میں پھر ایک تھپڑ آیا۔ یہ تھپڑ صرف اس صحافی کے چہرے پر نہیں تھا، یہ ہر اُس شہری کے منہ پر مارا گیا جو آزادی اظہار پر یقین رکھتا ہے۔

کیا واقعی حکومت اتنی کمزور ہے کہ چند سوال کرنے والے، چند رپورٹنگ کرنے والے، اس کے اعصاب پر سوار ہو گئے؟ کیا یہ وہی ریاست ہے جو دنیا کو جمہوریت اور اظہار رائے کا سبق دیتی ہے؟ اگر ہاں، تو کل کا دن ہمارے لیے سب سے بڑا سبق ہے: کہ یہ جمہوریت ابھی کرائے کی زنجیروں میں جکڑی ہوئی ہے۔

پریس کلب پر چھاپہ مارنے والے شاید یہ بھول گئے کہ قلم کی طاقت ڈنڈے سے بڑی ہوتی ہے۔ کیمرہ ٹوٹ سکتا ہے مگر نظر کبھی نہیں ٹوٹتی۔ سچائی کو وقتی طور پر دبایا جا سکتا ہے، مگر ہمیشہ کے لیے ختم نہیں کیا جا سکتا۔

میں، نادیہ ملک، یہ سوال آج اپنی ریاست سے کر رہی ہوں: اگر پریس کلب بھی محفوظ نہیں رہا تو پھر کہاں جائیں؟ اگر صحافی کی زبان بند کر دی گئی تو عوام کی آواز کون بنے گا؟ اگر صحافت کے دروازے پر پولیس کے بوٹوں کی چاپ گونجے گی تو پھر کون سا دروازہ کھلا رہ جائے گا؟

یہ کالم میرا احتجاج ہے، یہ میری آنکھوں سے بہنے والے آنسوؤں کی تحریر ہے۔ اور میں جانتی ہوں، جتنی بار پریس کلب کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹیں گے، اتنی ہی بار ہم اپنی آواز کو اور بلند کریں گے۔ کیونکہ سچ کو دبانے کی ہر کوشش، دراصل اس کے اور زیادہ ابھرنے کا اعلان ہوتی ہے۔

@@@@@@@@@@@@@@