سکھر (بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی کی خبر کے مطابق) سندھ صوبے کے معذور افراد سرکاری اداروں میں کوٹہ کے تحت بھرتیوں اور نجی شعبے میں روزگار
سکھر (بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی کی خبر کے مطابق) سندھ صوبے کے معذور افراد سرکاری اداروں میں کوٹہ کے تحت بھرتیوں اور نجی شعبے میں روزگار کے مواقع کے منتظر ہیں۔ معذور افراد نے اپیل کی ہے کہ بیت المال، عشر و زکوٰۃ، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اور دیگر ڈونر اداروں کے ذریعے انہیں مالی امداد فراہم کی جائے تاکہ وہ اپنے خاندانوں کی بہتر پرورش کر سکیں۔
رپورٹ کے مطابق گھوٹکی، سکھر، خیرپور، نوشہرو فیروز، شہید بینظیر آباد، دادو سمیت سندھ کے دیگر اضلاع کے معذور شہریوں نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ ہائیکورٹ سکھر بینچ کے فیصلے کے مطابق انہیں پہلی سے چوتھی گریڈ تک سرکاری اداروں میں ملازمتیں دینے کا حکم دیا گیا ہے، جس سے معذور افراد میں ایک نئی امید پیدا ہوئی ہے۔ تاہم تاحال حکومت اور متعلقہ اداروں کی جانب سے اس فیصلے پر مکمل عملدرآمد نہیں کیا گیا۔
معذور افراد کا کہنا تھا کہ وہ کسی صورت مجبور نہیں ہیں، بہت سے معذور پرائمری سے گریجویشن تک تعلیم یافتہ ہیں جبکہ کئی معذور ہنر کے ذریعے اپنی روزی کماتے ہیں۔ اس کے باوجود سرکاری سطح پر مناسب تعاون نہ ہونے کے باعث وہ کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت تعلیم یافتہ معذور افراد کو پی ایس ٹی، جی ایس ٹی اور 5 سے 15 گریڈ تک کی نوکریوں میں مختص کوٹہ کے تحت فوری بھرتی کرے، اور نجی شعبے میں بھی معذور افراد کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں۔
معذور افراد نے کہا کہ غربت کے باعث انہیں علاج معالجہ اور بچوں کی تعلیم کے لیے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اس لیے حکومت کو چاہیے کہ معذور افراد کے لیے ملازمتوں اور مالی امداد کے سلسلے میں عملی اقدامات کرے تاکہ یہ طبقہ بھی ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکے۔