سکھر (۔۔۔بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی دعا آن لاین نیوز)سکھر کی آغا قادر داد مارکیٹ، جو ملک کی سب سے بڑی چھوہارا تجارتی منڈیوں میں شمار کی جاتی ہے
سکھر (۔۔۔بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی دعا آن لاین نیوز)سکھر کی آغا قادر داد مارکیٹ، جو ملک کی سب سے بڑی چھوہارا تجارتی منڈیوں میں شمار کی جاتی ہے، کے گوداموں میں خواتین مزدوروں کے ساتھ بدترین استحصال اور ہراسانی کے انکشافات نے ضلعی انتظامیہ اور شہری حلقوں کو شدید تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔اطلاعات کے مطابق سندھ کے پسماندہ اضلاع کندھکوٹ، کشمور، شکارپور اور دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والی دس ہزار سے زائد خواتین مزدور چھوہارا گوداموں میں محنت مزدوری کرتی ہیں۔ یہ خواتین سالانہ اربوں روپے منافع کمانے والی اس انڈسٹری کا بنیادی ستون ہیں، لیکن دن بھر کی سخت مشقت کے باوجود محض تین سو روپے یومیہ اجرت پر مجبور ہیں۔تحقیقات سے انکشاف ہوا ہے کہ ہر گودام میں 200 سے 500 خواتین مزدور کام کرتی ہیں مگر انہیں بنیادی سہولیات تک میسر نہیں۔ سیکڑوں مزدور خواتین کے لیے محض 3 سے 4 بیت الخلاء موجود ہیں، جس سے نہ صرف ان کی مشکلات بڑھ جاتی ہیں بلکہ تذلیل کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔سب سے تشویشناک پہلو خواتین کو درپیش جنسی ہراسانی اور بلیک میلنگ ہے۔ رپورٹس کے مطابق گوداموں کے انچارج، جنہیں مقامی زبان میں منشی اور جمعدار کہا جاتا ہے، اپنی حیثیت کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے غریب اور نوجوان خواتین کو ہراساں کرتے ہیں۔ ان کے مطابق اگر کوئی خاتون ان کے غیر اخلاقی مطالبات ماننے سے انکار کرے تو نہ صرف اسے ملازمت سے فارغ کر دیا جاتا ہے بلکہ دیگر خواتین کو بھی بلیک لسٹ کر کے کئی دنوں یا ہفتوں تک روزگار سے محروم رکھا جاتا ہے۔مزید برآں، گودام مالکان پر بڑے پیمانے پر مالی بے ضابطگیوں کے بھی الزامات سامنے آئے ہیں۔ مبینہ طور پر یہ ایکسپورٹرز اجرتوں میں دھوکہ دہی، افرادی قوت کم ظاہر کرنے، ٹیکس چوری اور ہنڈی و حوالہ کے ذریعے منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں، جس سے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچ رہا ہے۔سول سوسائٹی، انسانی حقوق کے کارکنان اور وکلاء برادری نے ان مظالم کی سخت مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ آغا قادر داد مارکیٹ میں مزدوروں کے لیے کیمپ آفس قائم کیا جائے تاکہ خواتین فوری طور پر شکایات درج کرا سکیں۔گوداموں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں تاکہ خواتین کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔مزدور خواتین کو قومی معیار کے مطابق اجرت دی جائے۔استحصال اور مالی بدعنوانیوں کی آزادانہ اور شفاف تحقیقات کرائی جائیں۔ایک سماجی کارکن نے انکشافات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا یہ جدید دور کی غلامی ہے۔ چھوہارا انڈسٹری کی ریڑھ کی ہڈی خواتین مزدور ہیں لیکن انہیں نہ عزت ملتی ہے، نہ تحفظ اور نہ ہی جائز اجرت۔دوسری جانب رابطہ کرنے پر آغا قادر داد چھوہارا مارکیٹ ایسوسی ایشن کے صدر دل جتوئی نے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ: “ہمارے سامنے ایسی کوئی شکایت نہیں آئی۔ سارا معاملہ بالکل ٹھیک ہے۔ اگر کسی کو کوئی مسئلہ درپیش ہے تو وہ ہم سے براہِ راست رابطہ کرے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر فوری اور مؤثر اقدامات نہ کیے گئے تو یہ استحصال مزید بڑھتا جائے گا اور سکھر کی چھوہارا انڈسٹری غربت، بدعنوانی اور ہراسانی کے گڑھ میں تبدیل ہو جائے گی۔