جمالی بلوچاں (راجہ نورالہی عاطف سے) ضلع خوشاب کے کسانوں کے راہنما راجہ محمد طارق مسعود ایاز
جمالی بلوچاں (راجہ نورالہی عاطف سے) ضلع خوشاب کے کسانوں کے راہنما راجہ محمد طارق مسعود ایاز نے کہا ہے کہ تھل کے کسان ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، لہذا ان کی اجتماعی فلاح و بہبود کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کی اشد ضرورت ہے۔ وہ جمالی بلوچوں میں اپنی ریس گاہ پر صحافیوں سے خصوصی گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ تھل کی خشک زمینیں، بارانی کھیت اور پانی کی کمیابی کسانوں کے لیے بڑے چیلنجز ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ کسانوں کے مسائل کے حل کے لیے بھرپور اقدامات کئے جائیں ۔
انہوں نے کہا کہ تھل کے کسانوں کو کم نرخ پر معیاری بیج، کھاد اور زرعی ادویات فراہم کی جائیں، تاکہ وہ بہتر پیداوار حاصل کرسکیں۔ اس کے علاوہ تھل کے لیے خصوصی زرعی پالیسی مرتب کی جائے جس میں نہری پانی کی فراہمی، جدید زرعی مشینری اور کسانوں کے لیے آسان قرضوں کا اجرا شامل ہو۔
راجہ محمد طارق مسعود ایاز نے مزید کہا کہ تھل کے کسان دن رات محنت کر کے ملکی غذائی ضروریات پوری کرتے ہیں لیکن ان کی محنت کا مناسب معاوضہ بھی ملنا چاہیے اگر کسان خوشحال ہوگا تو ملک خوشحال ہوگا۔تھل کے کسانوں کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ زراعت کے شعبے کو مضبوط بنا کر ملکی معیشت کو استحکام بخشا جا سکے۔