November 17, 2026

سکھر(بیورورپورٹ سید نصیر حسین زیدی دعا آن لاین نیوز) سندھ ہائی کورٹ بینچ سکھر میں پٹرول پمپ پر قبضے کے خلاف دائر درخواست پر

IMG-20250926-WA0187(1)

سکھر(بیورورپورٹ سید نصیر حسین زیدی
دعا آن لاین نیوز) سندھ ہائی کورٹ بینچ سکھر میں پٹرول پمپ پر قبضے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی، سندھ ہائی کورٹ سکھر میں جسٹس ذوالفقار علی سانگی اور جسٹس ریاضت علی ساھڑ پر مشتمل آئینی بینچ نے درخواست گزار عبدالقیوم قریشی کے وکیل کے دلائل سننے کے بعد ڈپٹی کمشنر اور میونسپل کمشنر کو مینارہ روڈ کے قریب جِم خانہ کے پاس واقع پٹرول پمپ کے حوالے سے مکمل ریکارڈ، ایگریمنٹ اور دیگر دستاویزات آئندہ سماعت پر پیش کرنے کا حکم دیا ہے، ساتھ ہی عدالت نے درخواست گزار کی ہراسانی بابت دائر درخواست کو قابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے میئر سکھر اور دیگر فریقین کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ درخواست گزار کو ہراساں نہ کیا جائے اور اسے کسی بھی قسم کا نقصان پہنچانے سے باز رہا جائے، عدالت نے سماعت 14 اکتوبر تک ملتوی کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سکھر سے پٹرول پمپ پر قبضے کے حوالے سے بھی رپورٹ طلب کرلی ہے۔درخواست گزار عبدالقیوم قریشی کی دائر کردہ درخواستوں میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ میونسپل کارپوریشن کے میئر، ایف آئی اے ڈائریکٹر اسلام شیخ اور پی ایس او کے مینیجنگ ڈائریکٹر سید محمد ٰطحٰہ، میونسپل کمشنر زین العابدین میرانی اور دیگر نے مل کر 9 جولائی کو میونسپل کے اینٹی انکروچمنٹ عملے کی مدد سے دھاوا بول کر مینارہ روڈ سکھر کے قریب پٹرول پمپ پر زبردستی قبضہ کیا۔ ناجائز کارروائی کرنے والے میونسپل ملازمین اور دیگر نجی افراد نے توڑ پھوڑ کرکے مشینری کو نقصان پہنچایا، قیمتی سامان اور اہم دستاویزات کے ساتھ 40 لاکھ روپے نقدی لوٹ کر لے گئے۔ اس زیادتی کے حوالے سے ایف آئی آر درج کرانے کے لیے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کو درخواست دی گئی، جس میں عدالت کی جانب سے نوٹس جاری ہونے کے بعد قبضہ کرنے والوں نے پٹرول پمپ کی عمارت مسمار کرکے دیواریں گرا دیں اور ٹینک میں موجود پٹرول کو غیر تکنیکی طریقے سے نکال لیا۔ جائے وقوعہ پر میونسپل کارپوریشن کی گاڑیاں، پولیس موبائل کھڑی کرکے عملے کو بٹھا کر زبردستی قبضہ کیا گیا۔ اگرچہ پمپ پر پٹرول کی خرید و فروخت بند کردی گئی، لیکن چند دن بعد پمپ پر پٹرول کی غیرقانونی فروخت شروع کردی گئی۔ عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ پٹرول پمپ پر کیا گیا قبضہ ختم کرایا جائے، درخواست گزار کو قبضہ واپس دلایا جائے، پہنچائے گئے نقصان کا ازالہ کرایا جائے اور جواب دہندگان کے خلاف قانونی کارروائی کرکے انصاف فراہم کیا جائے۔دوسری جانب پٹرول پمپ پر قبضے کے خلاف عبدالقیوم قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میئر سکھر اور ایف آئی اے ڈائریکٹر اسلام شیخ نے 10 کروڑ روپے رشوت طلب کی، جو نہ دینے پر انہوں نے برہم ہو کر پی ایس او کے بعض افسران کو ملوث کرکے پٹرول پمپ پر قبضہ کرلیا۔ سال 2002 سے پمپ پر قبضہ کرنے کی سازشیں کی جاتی رہی ہیں۔ میری تحریری شکایات کے بعد ڈی جی ایف آئی اے نے نوٹس لے کر ڈائریکٹر اسلام شیخ کو معطل کرکے اس کے خلاف انکوائری شروع کرائی ہے۔ چونکہ پمپ پر پٹرول کی خرید و فروخت بند تھی تو اب پٹرول کی غیر قانونی سپلائی کون اور کہاں سے لا رہا ہے؟ جبکہ پی ایس او نے پٹرول کا ایک قطرہ بھی سپلائی نہیں کیا ہے۔ میں کاروباری اور سیاسی شعور رکھنے والا ہوں، اس لیے میں نے قانونی راستہ اختیار کیا، عدالت سے انصاف ملنے کی امید ہے۔