November 17, 2026

خواجہ سراوں کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت، صنم فقیر ویلفیئر آرگنائزیشن کا سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاج

IMG-20250925-WA0331

خواجہ سراوں کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت، صنم فقیر ویلفیئر آرگنائزیشن کا سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاج

سکھر (بیورورپورٹ.. سید نصیر حسین زیدی دعا آن لاین نیوز) صنم فقیر ویلفیئر آرگنائزیشن کے تحت سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا، جس میں خواجہ سراؤں سمیت سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بڑی تعداد شرکت کی۔احتجاجی مظاہرے کی قیادت صنم فقیر ویلفیئر آرگنائزیشن کی صدر صنم فقیر اور پروگرام آرگنائزر میڈم سرداراں سمیت سوشل ایکٹوسٹ اور میونسپل کارپوریشن کی ممبر میڈم عزرا جمال نے کی انہوں نے کہا کہ صنم فقیر ویلفیئر آرگنائزیشن نے حالیہ دنوں میں خواجہ سرا برادری پر ہونے والے بہیمانہ قتل کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مظالم معاشرتی انصاف اور انسانی حقوق پر کھلا حملہ ہیں۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں حالیہ دنوں تین غریب خواجہ سراوں کو بے دردی سے گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا اور ان کی لاشوں کو غیر انسانی طریقے سے پھینک دیا گیا۔ اسی طرح ایک اور افسوسناک واقعہ میں سکھر سے تعلق رکھنے والا ایک خواجہ سرا، جو ایک تقریب میں شرکت کے لیے خیبرپختونخوا گیا تھا، وہاں بھی بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔ ان واقعات نے سوال اٹھا دیا ہے کہ آخر کب تک خواجہ سرا برادری کو نشانہ بنا کر ان کے ساتھ ناانصافی کی جاتی رہے گی۔صنم فقیر ویلفیئر آرگنائزیشن نے حکومتِ سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ ان واقعات میں ملوث ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کر کے سخت سے سخت سزا دی جائے تاکہ آئندہ کوئی اس طرح کے ظلم کا مرتکب نہ ہو سکے۔ تنظیم کے نمائندوں نے کہا کہ سندھ کو ہمیشہ برداشت اور تحفظ کی سرزمین سمجھا جاتا رہا ہے لیکن ایسے دلخراش واقعات صوبے کی شناخت اور روایت کو داغدار کر رہے ہیں۔ادارے کی جانب سے مزید کہا گیا کہ صنم فقیر ویلفیئر آرگنائزیشن خواجہ سراوں کے حقوق اور عزت کی بحالی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ صرف دو ماہ قبل ادارے نے سکھر میں ایک شیلٹر ہوم قائم کیا تاکہ بے سہارا خواجہ سرا وہاں پناہ لے سکیں۔ اسی کے ساتھ ادارہ ہنر سکھانے کے منصوبوں پر بھی کام کر رہا ہے تاکہ خواجہ سرا برادری اپنے پاؤں پر کھڑی ہو سکے اور باعزت زندگی گزار سکے۔آخر میں تنظیم نے حکومت، سول سوسائٹی اور میڈیا سے اپیل کی کہ وہ خواجہ سرا برادری کے ساتھ کھڑے ہوں، انہیں انصاف دلائیں اور برابر کے شہری حقوق فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔