November 17, 2026

سید ابو الاعلیٰ مودودیؒ – فکر و جدوجہد کی امانت۔۔۔۔۔۔اشفاق نیاز

IMG-20250922-WA0262(1)

سید ابو الاعلیٰ مودودیؒ – فکر و جدوجہد کی امانت۔۔۔۔۔۔اشفاق نیاز
22 ستمبر 1979 کا دن ملتِ اسلامیہ کے لیے ایک غمناک دن تھا۔ اسی روز عصرِ حاضر کے عظیم مفکر، مصلح اور مجاہدِ اسلام سید ابو الاعلیٰ مودودیؒ اس دنیا سے رخصت ہوئے۔ ان کی وفات محض ایک شخصیت کا جانا نہیں تھا، بلکہ ایک عہد کا خاتمہ تھا جس نے امت کو دین کی صحیح تعبیر اور اسلامی نظامِ حیات کی مکمل تصویر دکھائی۔مولانا مودودیؒ نے اپنی زندگی قرآن و سنت کے پیغام کو جدید ذہن تک پہنچانے میں وقف کی۔ ’’تفہیم القرآن‘‘ جیسی تفسیر نے عام قاری کے لیے قرآن کے فہم کو آسان بنایا۔ ’’الجہاد فی الاسلام‘‘ نے دنیا کو بتایا کہ اسلام محض چند رسومات کا نام نہیں، بلکہ ایک مکمل ضابطۂ حیات اور عدل و انصاف پر مبنی انقلابی نظام ہے۔آج جب ہم اپنے معاشرے کی حالت دیکھتے ہیں تو محسوس ہوتا ہے کہ وہی بیماریاں جن کے خلاف مولانا نے قلم اور فکر سے جہاد کیا، بدستور ہمارے اندر موجود ہیں: کرپٹ حکمران، ناانصافی، اور دین کو محض رسموں تک محدود کر دینا۔ ایسے میں ضرورت ہے کہ ہم ان کے چھوڑے ہوئے پیغام کو سمجھیں اور اپنے قول و عمل سے اس کی پاسداری کریں۔مولانا مودودیؒ کا مشن صرف کتابوں تک محدود نہیں، بلکہ وہ ایک تحریک تھی۔ ان کی قائم کردہ جماعتِ اسلامی اس بات کی یاد دہانی ہے کہ اسلام کا پیغام اجتماعی ہے، اور اس کے قیام کے لیے اجتماعی جدوجہد ناگزیر ہے۔یومِ وفات پر ہمیں محض تعزیتی جملے ادا نہیں کرنے چاہئیں بلکہ یہ عہد تازہ کرنا چاہیے کہ ہم قرآن و سنت کی اس تعبیر کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں جو سید ابو الاعلیٰ مودودیؒ نے پیش کی، اور نظامِ مصطفی ﷺ کے قیام کے لیے اپنی بساط کے مطابق جدوجہد کریں۔