November 17, 2026

سرگودھا ( راجہ نور الہی عاطف سے )ممتاز شاعر،ا دیب ،صحافی اور براڈکاسٹر ممتاز عارف نے کہا ہے کہ اَدب زندگی کے رویوں کی پہچان ہوتا ہے

IMG-20250921-WA0070

سرگودھا ( راجہ نور الہی عاطف سے )ممتاز شاعر،ا دیب ،صحافی اور براڈکاسٹر ممتاز عارف نے کہا ہے کہ اَدب زندگی کے رویوں کی پہچان ہوتا ہے۔ اَدب پہلا قرینہ ہے جس سے انسان کی شناخت ہوتی ہے۔تخلیق کار معاشرتی زندگی کی عکاسی کرتا ہے۔ ہمیں ذمہ دارانہ رویے سے اَدب کی خدمت کو شعار بنانا چاہیے۔ اِن خیالات کا اظہار انھوں نے ڈیوا فاﺅنڈیشن سرگودھا کے زیر اہتمام سرگودھا آرٹس کونسل میں اپنے اعزاز میں منعقدہ ”گپ شپ کارنرتقریب“ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جس کا اہتمام کرنے والوں میں رانا صابر حسین، طارق ابوذر، قاسم علی، شہزاد واصب اور دیگر شامل تھے۔ ممتاز عارف کا انٹرویو کرنے والوں میں شاہد بخاری اور نعمان شفیق سر فہرست تھے۔ ممتاز عارف نے مزید کہا کہ ریڈیو پاکستان سرگودھا نے ہر شعبہ ہائے زندگی کی نمائندگی کا حق ادا کر دیا ہے۔ اس کی 20 سالہ خدمات قابل تعریف اور قابل ستائش ہیں۔تقریب سے نامور شخصیات نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ادب،صحافت اور ریڈیو کے حوالے سے ممتاز عارف کی خدمات کا دائرہ بہت وسیع ہے۔انھوں نے اپنے 55سالہ ادبی سفر میں بے شمار مشاعروں،ادبی تقریبات،ادبی کانفرنسوں اور سیمینارز میں دبستان سرگودھا کی بھرپور نمائندگی کی۔سرگودھا کے صحافتی افق پر ان کے لا تعداد شاگرد آج کے صحافتی منظر نامہ میں موجود ہیں۔ ادبی حوالے سے بے شمار اہل قلم نے ان سے کسب فیض کیا۔ممتاز عارف کی شخصیت اور خدمات کے حوالے سے معروف محقق،نقاد،دانشور اور اقبال شناس پروفیسر ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم،نامور آرٹسٹ انعام خان، پروفیسر ڈاکٹرآصف راز، چودھری اختر جاوید، مجاہد شیخ،پروفیسر یوسف خالد، فرخ اعجاز نصیرایڈووکیٹ، قاسم علی آرٹسٹ،اظہر امین ایڈووکیٹ اور دیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔ قاسم علی نے کہا کہ ممتاز عارف ایک نام ہی نہیں ایک تحریک ہے۔ڈاکٹر آصف راز نے کہا کہ ممتاز عارف نے سرگودھا رائٹرز کلب کو فعال بنانے میں تاریخی کردار ادا کیا ہے اور اس تنظیم کو سرگودھا کا ادبی چہرہ بنانے کے لئے اپنا خون جگر صرف کیا۔انعام خان نے ممتاز عارف کو ایک ایسا نگینہ قرار دیا جو ہر انگوٹھی میں فٹ آجاتا ہے۔ اختر جاوید نے کہا کہ ممتاز عارف ایک پارس کی مانند ہیں جسے چھوتے ہیں اُسے سونا بنا دیتے ہیں،وہ دوستوں کی رہنمائی میں اپنا دل ہمیشہ فراخ رکھتے ہیں۔فرخ اعجاز نصیر ایڈووکیٹ نے کہا کہ سرگودھا کے اردوا ور پنجابی اَدب کی تاریخ ممتاز عارف کے ذکر کے بغیر ادھوری رہے گی۔ ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم نے کہا کہ صحافتی دنیا میں ملک محمد معظم توصیف اور ممتاز عارف کا کردار اور رفاقت ایک مثال کی حیثیت رکھتی ہے،دونوں نے ہمیشہ بااصول صحافت کی ہے،ان کی طویل عرصہ پر محیط خدمات ہمارے لیے مشعل راہ ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ممتاز عارف خوددار انسان ہیں اور وہ عجز و انکساری کا پیکر ہیں۔ دوستوں کی حوصلہ افزائی اُن کا مشن ہے۔مجاہد خان نے کہا کہ ممتاز عارف کی شاعری لطیف جذبوں کی عکاس ہے۔ دیگر مقررین نے بھی ممتاز عارف کی خدمات کو ہدیہء تحسین پیش کیا۔مذکورہ افراد کے علاوہ بھا عمر بلا، کاشف ،عاطف،اکرم انجم ، ذوالفقار احسن ،ڈاکٹر مرتضیٰ حسن شیرازی ، ایم طارق(گلوکار)، ظفر گوندل، ڈاکٹر غالب شاہ،مس ماریہ مغل، طاہر(فوٹو گرافر) ، یونس خاموش،ارسلان مرزا، ایم ڈی صائم،حنیف ضیا اور دیگر نے بھی شمولیت کی۔تقریب میں ممتاز عارف کو ڈیوا فاﺅنڈیشن کی طرف سے شیلڈ پیش کی گئی۔ مہمانوں کے لیے چائے کا اہتمام بھی تھا۔ممتاز عارف نے تقریب کے منتظمین اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔