November 17, 2026

پہلا سپاہی، پہلا ڈپٹی کمشنر تحریر مجب الرحمٰن شامی

IMG-20250914-WA0051

پہلا سپاہی، پہلا ڈپٹی کمشنر
تحریر مجب الرحمٰن شامی
چودھری عبدالغفور اپنی مثال آپ ہیں۔ منفرد اور یکتا۔ ایک محنت کش گھرانے میں آنکھ کھولی۔ اپنے خاندان کے پہلے بچے تھے جنہیں سکول میں داخلہ نصیب ہوا۔ دوران تعلیم ہی فوج میں بھرتی ہونا پڑا، سپاہی بن کر بھی علم کا جنون سوار رہا۔ پڑھتے اور آگے بڑھتے گئے، امتحان پر امتحان پاس کرتے فوج ہی کے تعلیمی شعبے میں انسٹرکٹر بن گئے، لیکن ان کی منزل ابھی دور تھی۔ مقابلے کے امتحان کی تیاری شروع کر دی، سول سروس کے دروازے کھل گئے۔ وہ فوجی کوٹے پر نہیں باقاعدہ مقابلے کے امتحان میں کامیابی حاصل کر کے اسسٹنٹ کمشنر بنے اور ترقی کرتے کرتے ڈپٹی کمشنر کے منصب تک پہنچے۔ افسری کو خدمت کا ذریعہ بنایا، کسی سے دبے نہ کسی کو دبایا۔ اپنے اصولوں کے مطابق زندگی گزاری، خود ساختہ خدائوں کو کبھی خاطر میں نہ لائے، جہاں بھی گئے داستاں چھوڑ آئے۔ افسر بن کر بھی خود کو عام آدمی سمجھا، عام آدمیوں میں گھل مل کر رہے، ان کے دلوں میں جگہ بناتے رہے۔ ریٹائر ہوئے ہیں تو کوچۂ وکالت میں قدم رکھ دیا۔ پہلے خود انصاف بانٹتے تھے، اب اپنے موکلین کو انصاف دلانے کے لیے سرگرم ہیں۔ ان کی خود نوشت کو ٹیکسٹ بُک کی طرح بڑھا جانا چاہیے کہ یہ آگے بڑھنے کا حوصلہ عطا کرتی ہے۔ محنت کی برکت پر یقین کو پختہ کرتی اور اصولوں کے ساتھ جڑ جانے کا حوصلہ عطا کرتی ہے۔ ان کی زندگی پر فلم بننی چاہیے، ڈرامے لکھے جانے چاہئیں، اربابِ اختیار کو توفیق ہو تو ان کی خدمت میں کوئی قومی اعزاز بھی پیش کر دینا چاہیے۔ نشان امتیاز نہ سہی، ستارہ یا تمغہ امتیاز ہی سہی۔ یقین جانیے یہ اعزاز دینے والوں کے لیے باعث اعزاز ہوگا کہ وہ پاک فوج کے پہلے سپاہی ہیں جو ڈپٹی کمشنر بنے اور پاکستان کیا پورے جنوبی ایشیا کے پہلے ڈپٹی کمشنر ہیں، جنہوں نے سپاہی کے طور پر عملی زندگی کا آغاز کیا۔

مجیب الرحمن شامی