ہارون آباد(نمائندہ خصوصی سٹی رپورٹر) میں منشیات کا مسئلہ ایک سنگین صورت اختیار کر چکا ہے
ہارون آباد(نمائندہ خصوصی سٹی رپورٹر) میں منشیات کا مسئلہ ایک سنگین صورت اختیار کر چکا ہے اور نوجوان نسل خاص طور پر اس کا شکار ہو رہی ہے۔ منشیات فروشوں کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ اور ان کے خلاف مؤثر کارروائی نہ ہونے کی وجہ سے صورتحال خراب ہو چکی ہے۔ مقامی میڈیا پر اکثر اس حوالے سے خبریں گردش کرتی رہتی ہیں، جن میں یہ بتایا جاتا ہے کہ کیسے منشیات نے نوجوانوں کی زندگیوں کو تباہ کر دیا ہے
گزشتہ دنوں منشیات کے خلاف مہم چلائی گئی اور منشیات فروش گرفتار بھی ہوے لیکن افسوسناک بات یہ ہے کہ جو بڑے منشیات فروش ہیں،اور ان کی جو لوگ سرپرستی کرتے ہیں ان کے خلاف کوئی ٹھوس کارروائی نہیں ہو سکی۔ بہت سے لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ ایسی مہمات صرف دکھاوے کے لیے ہوتی ہیں اور اس میں صرف چھوٹے موٹے کرداروں کو قربانی کا بکرا بنا کر اصل چہروں کو بچا لیا جاتا ہے۔
اس سنگین مسلئے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ جب تک یہ ادارے اپنی ذمہ داری پوری نہیں کریں گے اور منشیات فروشوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی نہیں کریں گے، تب تک صورتحال بہتر ہونے کی امید کم ہے۔ منشیات کے خلاف صرف گرفتاریوں سے کام نہیں چلے گا، بلکہ اس کے پیچھے کام کرنے والے پورے نیٹ ورک کو توڑنا ہو گا۔
نوجوان نسل کو اس دلدل سے نکالنے کے لیے صرف قانونی کارروائی کافی نہیں، بلکہ معاشرتی سطح پر بھی بیداری پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ والدین، اساتذہ اور سماجی رہنماؤں کو مل کر کام کرنا ہو گا تاکہ نوجوانوں کو اس کے نقصانات سے آگاہ کیا جا سکے اور انہیں ایک صحت مند اور تعمیری راستے پر گامزن کیا جا سکے۔