نگرانی کے سائے میں آزادی کا مستقبل ———————–
نگرانی کے سائے میں آزادی کا مستقبل
———————–
دنیا کی تاریخ گواہ ہے کہ ہر دور میں طاقتور نے کمزور پر قابو پانے کے لیے نئے ہتھیار تراشے۔ کبھی تلوار سے، کبھی قلم سے اور کبھی نظریات کے زور پر۔ مگر آج کا ہتھیار مختلف ہے۔ آج کے زمانے میں جنگیں میدانوں میں نہیں بلکہ ڈیجیٹل دنیا میں لڑی جا رہی ہیں۔ وہ دنیا جہاں نہ توپ چلتی ہے، نہ بندوق، مگر ایک “کلک” سے انسان کی ساری زندگی ننگی ہو جاتی ہے۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل کی حالیہ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ایسا ہی ایک دیوہیکل نگرانی نظام نصب کیا جا چکا ہے۔ رپورٹ بتاتی ہے کہ ملک کے اندر ایک “LIMS” یعنی Lawful Intercept Management System کام کر رہا ہے جو تقریباً چالیس لاکھ موبائل فونز کو بیک وقت سننے اور ریکارڈ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ساتھ ہی ایک چینی ساختہ انٹرنیٹ فائر وال “WMS 2.0” متعارف کرایا گیا ہے جو اربوں انٹرنیٹ سیشنز کو فلٹر، بلاک اور معائنہ کر سکتا ہے۔ گویا ہم میں سے کوئی بھی اپنی گفتگو، پیغام یا سرچ ہسٹری کو مکمل نجی نہیں کہہ سکتا۔
یہ سوال بجا ہے کہ آخر یہ سب کیوں؟ ریاست کا جواب بڑا سادہ ہے: دہشت گردی، انتہا پسندی اور سائبر کرائم کی روک تھام۔ بظاہر یہ جواز دل کو لگتا ہے۔ مگر مسئلہ یہ ہے کہ طاقت جب غیر شفاف ہو جائے، تو وہ صرف دشمن کے خلاف استعمال نہیں ہوتی بلکہ اکثر اپنے ہی عوام کے خلاف بھی چلتی ہے۔ یہی وہ مقام ہے جہاں “قومی سلامتی” کا تصور ایک ڈھال بن جاتا ہے اور اس کے پیچھے عوامی آزادیوں کو دفن کر دیا جاتا ہے۔
پاکستان کا ماضی ہمیں سبق دیتا ہے۔ ایوب خان کے مارشل لا سے لے کر ضیاء الحق کی سنسرشپ تک، جنرل مشرف کے ایمرجنسی آرڈرز سے لے کر حالیہ برسوں میں میڈیا پر دباؤ تک—ہر دور میں ایک ہی کہانی رہی ہے۔ بس طریقے بدل گئے ہیں۔ کبھی اخبار کا صفحہ سفید کر دیا جاتا تھا، کبھی ٹی وی چینل بند کر دیا جاتا تھا، اور آج ڈیجیٹل دور میں یہ کام انٹرنیٹ کی نگرانی اور سوشل میڈیا پر قدغن لگا کر کیا جا رہا ہے۔
یہ معاملہ محض اظہارِ رائے تک محدود نہیں۔ اس کے اثرات معاشی اور سماجی بھی ہیں۔ پاکستان اس وقت دنیا بھر میں “فری لانسنگ” اور “ڈیجیٹل مارکیٹ” میں اہم مقام رکھتا ہے۔ لاکھوں نوجوان اپنی روزی انٹرنیٹ کے ذریعے کماتے ہیں۔ اگر انٹرنیٹ پر غیر ضروری نگرانی اور بلاکنگ بڑھ گئی تو سرمایہ کار بھاگ جائیں گے، آئی ٹی انڈسٹری بیٹھ جائے گی اور وہ خواب بھی بکھر جائے گا جو ہم “ڈیجیٹل پاکستان” کے نام پر دیکھتے آئے ہیں۔
پھر سوال یہ ہے کہ اس نگرانی کی حدود کیا ہیں؟ کیا کوئی ایسا قانون ہے جو شفاف طریقے سے طے کرے کہ کن افراد کو مانیٹر کیا جا سکتا ہے؟ کیا اس پر عدالتی نگرانی موجود ہے؟ یا یہ سب فیصلے چند ادارے اپنے طور پر کر رہے ہیں، عوام اور نمائندوں کو اندھیرے میں رکھ کر؟ اگر ایسا ہے تو یہ جمہوریت کے بنیادی اصولوں کے خلاف ہے۔
یہ کالم محض تنقید نہیں، ایک وارننگ بھی ہے۔ کیونکہ وہ معاشرے جہاں آوازوں کو دبایا جائے، وہاں صرف خوف پنپتا ہے۔ خوف کے بونے لمبے تو ہو سکتے ہیں مگر وہ معاشرے کو کبھی قدآور نہیں بنا سکتے۔ آزادی وہ سانس ہے جس کے بغیر جمہوریت دم توڑ دیتی ہے۔ اور اگر ہم نے اپنی آزادی کو نگرانی کے سائے میں دفن کر دیا، تو یہ ملک ایک “ڈیجیٹل قید خانہ” بن جائے گا، جہاں ہر شخص قیدی تو ہوگا مگر دیواریں دکھائی نہیں دیں گی۔
آخر میں یہ سوچنا ہوگا کہ ہمیں کس راستے کا انتخاب کرنا ہے:
کیا ہم “محفوظ غلامی” چاہتے ہیں، جہاں ہر وقت نگرانی ہو مگر خطرہ نہ ہو؟
یا ہم “خطرناک آزادی” چاہتے ہیں، جہاں خطرے تو موجود ہوں مگر اظہار کی سانس آزاد ہو؟
تاریخ کا سبق یہی ہے کہ غلامی خواہ کتنی ہی محفوظ کیوں نہ ہو، آخرکار انسان کو توڑ ڈالتی ہے۔ اور آزادی خواہ کتنی ہی مشکل کیوں نہ ہو، آخرکار انسان کو جِلا بخشتی ہے۔
@@@@@@@@@@@