November 17, 2026

لاہور (راجہ نورالہی عاطف سے) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ مغرب کا خاندانی نظام تباہی کا شکار ہے، اللہ کا شکر ہے کہ پاکستان میں

IMG-20250910-WA0251

لاہور (راجہ نورالہی عاطف سے) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ مغرب کا خاندانی نظام تباہی کا شکار ہے، اللہ کا شکر ہے کہ پاکستان میں خاندانی نظام بہتر طریقے سے کام کررہا ہے-ان خیالات کا اظہار انہوں نے خواتین کانفرنس بعنوان تحفظ عورت کا بنیادی حق سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
انہوں نے کہا کہ خواتین بچیوں کی تربیت کریں ، سماجی میڈیا کو مثبت طریقے سے استعمال کیا جائے،انہوں نے خواتین کو مینار پاکستان کے عظیم الشان اجتماع میں شرکت کی دعوت بھی دی-سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ خاندان انسانی معاشرے کی بنیادی اکائی اور عورت اسکا دھڑکتا دل ہے ـ معاشرے کی صحت مند تعمیر و ترقی کا انحصار ایک تعلیم یافتہ، صحتمند اوربااختیار عورت پر ہوتا ہے۔ اس لیے عورت کا تحفظ ایک بنیادی انسانی حق ہے جس کی ضمانت ہر مذہب، قانون اور تہذیب دیتی ہے۔ اسلامی معاشرہ عورت کی عزت نفس ، عظمت اور حفاظت کو یقینی بناتا ہے ۔ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی نے کہا کہ مسلمان عورت نے حیا اور حجاب کے تحفظ کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں لیکن بدقسمتی سے آج ہمارا معاشرہ ان اقدار سے دور ہوتا جا رہا ہے، جس کے نتیجے میں خواتین پر تشدد کے واقعات بڑھ رہے ہیں۔ معاشرے کےروائتی رسوم و رواج نے عورت سے اس کے اصل حقوق چھین لیے ہیں اور چند افراد کی بے جا آزادی کی خواہش نے مجموعی طور پر عورت کے عزت و احترام کو کم کر دیا ہے- ڈپٹی سیکرٹری ثمینہ سعید نے کہا کہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ملک میں خواتین کے حقوق کے لیے نہ صرف کوشاں ہے بلکہ عملی اقدامات بھی کر رہی ہے – پاکستانی عورت کی صحت ، تعلیم اور شرعی حقوق کے لیے عملی جدوجہد کرنے والی واحد نمائندہ جماعت ہے ـجماعت اسلامی پاکستانی عورت پر ہونے والے ظلم کے خلاف نہ صرف موثر آواز ہے بلکہ حصول انصاف تک عملی اقدامات بھی کرتی ہے – جماعت اسلامی کشمیر اور فلسطین کی مظلوم عورت پر ہونے والے ظلم کے خلاف آج بھی سڑکوں پر ہے۔
شرکاء کانفرنس نے ارباب اختیار سے مطالبہ کہ خواتین کے تحفظ کے قوانین پر مؤثر عمل درآمد اور فوری انصاف فراہم کیا جائے۔ خواتین پر تشدد کے خاتمے کے لیے سخت سزائیں اور تیز رفتار عدالتیں قائم کی جائیں اور اسلامی اقدار اور حجاب کے حق کے تحفظ کے لیے ریاستی سطح پر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تعلیمی اداروں اور میڈیا میں حیاء اور عزت کے فروغ کے لیے مؤثر پالیسی بنائی جائے۔ سوشل میڈیا پر خواتین کے خلاف نفرت انگیز مہمات اور ہراسانی کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
کانفرنس سے ڈاکٹر زبیدہ جبیں٫نازیہ توحید عظمی عمران اور ڈاکٹر نصرت طارق نے بھی خطاب کیا۔