November 17, 2026

ڈپٹی کمشنر، ڈی پی او اور پاک آرمی کے سینیئر افسران کی زیر صدارت فلڈ صورتحال پر اجلاس، تمام محکموں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت

Screenshot_2025-08-27_143926

ڈپٹی کمشنر، ڈی پی او اور پاک آرمی کے سینیئر افسران کی زیر صدارت فلڈ صورتحال پر اجلاس، تمام محکموں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت

بہاولنگر () – ڈپٹی کمشنر بہاولنگر ذوالفقار احمد بھون، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) کامران اصغر اور پاک آرمی کے سینیئر افسران کی مشترکہ زیر صدارت ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر ایک اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں تمام متعلقہ محکموں کے ضلعی افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کا مقصد حالیہ مون سون بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی ممکنہ سیلابی صورتحال کا جائزہ لینا، ضلعی سطح پر تیاریوں کو حتمی شکل دینا، اور تمام اداروں کے مابین مؤثر رابطہ یقینی بنانا تھا۔
ڈپٹی کمشنر نے اجلاس میں بتایا کہ اب تک 18 ریلیف کیمپس قائم کیے جا چکے ہیں جن میں سے 11 کیمپس ووٹنگ پوائنٹس کی عمارتوں میں قائم کیے گئے ہیں تاکہ عوام کو فوری سہولت میسر آ سکے۔ مزید یہ کہ پاک آرمی کی مدد سے اضافی بورڈنگ پوائنٹس بھی قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں متاثرہ افراد کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا سکے۔
ڈی سی ذوالفقار احمد بھون نے واضح کیا کہ “وقت کا تقاضا ہے کہ ہم سب مل کر، اپنی پوری ٹیم اور عوام کے ساتھ، اس فلڈ کی صورتحال کا مقابلہ کریں۔” انہوں نے کہا کہ انتظامیہ، فورسز اور عوام کو یکجا ہو کر ہر ممکن اقدام کرنا ہوگا تاکہ جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔
ریسکیو 1122 کو ہدایت کی گئی کہ تمام ریسکیو آلات، کشتیاں، ایمبولینسز اور عملہ ہمہ وقت تیار رہے۔ محکمہ صحت کو ریلیف کیمپس کے لیے تمام ضروری سہولیات، ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی۔
پاک آرمی کے نمائندوں نے اجلاس میں ضلعی انتظامیہ کو یقین دہانی کروائی کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوج فوری ردعمل دے گی اور ہر سطح پر تعاون فراہم کرے گی۔
ڈی پی او کامران اصغر نے کہا کہ پولیس فورس ہنگامی صورتحال کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور سیکیورٹی، ایویکیوشن، اور ٹریفک مینجمنٹ کے لیے بھرپور پلان ترتیب دے دیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے اجلاس کے اختتام پر کہا کہ فلڈ مانیٹرنگ، ریلیف، اور ایویکیوشن پلانز کو مسلسل اپ ڈیٹ رکھا جائے اور عوامی آگاہی کے لیے میڈیا، لوڈ اسپیکر اور سوشل میڈیا کے ذریعے مسلسل اطلاعات فراہم کی جائیں۔ کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت ناقابل قبول ہوگی۔