*زاوہ گرلز پرائمری اسکول کی استاد کی دوسری جگہ اٹیچمنٹ، بچوں کے مستقبل سے کھیلنے کے مترادف*
*زاوہ گرلز پرائمری اسکول کی استاد کی دوسری جگہ اٹیچمنٹ، بچوں کے مستقبل سے کھیلنے کے مترادف*
خضدار // زاوہ گرلز پرائمری اسکول میں تعینات ایک خاتون استاد کو اچانک دوسری جگہ یعنی کلی یار محمد گرلز اسکول آبی نوغے پر اٹیچ کرنے کے اقدام نے علاقے کے عوام میں سخت تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔ مقامی باشندوں کے مطابق یہ فیصلہ زاوہ جیسے پسماندہ علاقے کے معصوم بچوں کے تعلیمی مستقبل کے ساتھ کھلی ناانصافی ہے۔
اہلیانِ زاوہ کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں “ایس بی کے” پالیسی کے تحت کانٹریکٹ پر تعینات اساتذہ کو کسی دوسری جگہ اٹیچ کرنے کی کوئی شق موجود نہیں ہے۔ اس کے باوجود زاوہ اسکول کی واحد فعال ٹیچر کو دوسری جگہ منتقل کرنا، تعلیمی عمل کو مفلوج کرنے اور مقامی طالبات کو تعلیم سے محروم کرنے کے مترادف ہے۔
علاقے کے لوگوں نے اس اقدام کو “تعلیم دشمنی” قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے ہی زاوہ جیسے دیہی علاقوں میں بنیادی سہولیات ناپید ہیں، اور اب واحد خاتون ٹیچر کی اٹیچمنٹ نے والدین کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق اس فیصلے سے اسکول بند ہونے کے خدشات بڑھ گئے ہیں، جس کا سب سے زیادہ نقصان ان غریب بچیوں کو ہوگا جو تعلیم حاصل کرنے کے خواب دیکھ رہی ہیں۔
اہلیانِ زاوہ نے ڈپٹی کمشنر خضدار یاسر اقبال دشتی سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر اس غیر منصفانہ فیصلے کا نوٹس لیتے ہوئے ٹیچر کی پوسٹنگ دوبارہ زاوہ گرلز اسکول میں بحال کرائیں تاکہ بچیوں کا تعلیمی سلسلہ متاثر نہ ہو۔
مقامی عوام کا کہنا ہے کہ اگر ان کا مطالبہ پورا نہ کیا گیا تو وہ احتجاجی راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوں گے۔