*سیاست یا ایمیگریشن*
*سیاست یا ایمیگریشن*
ایک دن ایک پرائیویٹ یونیورسٹی میں گیسٹ اسپیکر کے طور پر گیا ۔ سوال جواب کے وقفے میں ایک وطن سے محبت کے مارے بچے نے مجھ سے سوال کیا کہ سر سیاست میں اچھے لوگ کیوں نہیں آرہے اور نئی نسل میں سے تو سیاست کا رخ کوئی بھی نہیں کر رہا ۔ ہمارے یہ موجودہ 70-80 سالہ بوڑھے قومی لیڈر مر کھپ گئے تو پیچھے ملک کی بھاگ ڈور کون سنبھالے گا۔
میں نے مختصر سا جواب دیا کہ نئی نسل نے پاکستان کی ہسٹری سے بہت کچھ سیکھ لیا ہے تو وہ سیاست سے کنارہ کشی اختیار کررہی ہے ۔ بچہ بضد تھا کہ وہ ہیسٹری ہی بتا دیں ۔
میں نے بڑے حوصلے سے کہنا شروع کیا کہ بیٹا ہم نے
1. لیاقت علی خان کو مار دیا
2. خواجہ ناظم الدین کو نکال باہر کیا
3. محمدعلی بوگرہ کو نکال باہر کیا
4. چوہدری محمدعلی سے گن پوائنٹ پر استعفیٰ لیا
5. سہروردی سے گن پوائنٹ پر استعفیٰ لیا
6. فیروز خان نون کو دھکے دیکر پرائم منسٹر سے بھگایا
7. ذوالفقار علی بھٹو زرا ہیرو بن رہا تھا تو اسکو پھانسی دینی پڑی
8. خان محمد جونیجو کو چھڑی دکھا کر گھر بھیجا
9. بےنظیر بھٹو کو دو دفعہ زبردستی گھر بھیجا مگر وہ پھر بھی سیاست سے باز نہ آئی تو سرعام قتل کروانا پڑا کہ دوسروں کو عقل آئے
10. ظفراللہ جمالی کو بےعزت کرکے گھر بھیجا
11. شوکت عزیز ہمارا مزاج سمجھ کر خود ملک سے بھاگ گیا
12. یوسف رضا گیلانی کو حکم عدولی پر پرائم منسٹر ہاوس سے سیدھا ملتان پہنچایا
14. نوازشریف کو ایک دفعہ ہتھکڑی لگا کر اور دوسری دفعہ پانامی ٹوکری میں بٹھا گھر کی راہ دکھائی ۔ وہ اب تک روتا ہے مجھے کیوں نکالا ۔
15. عمران خان کی گردن میں سریا بھی خود ڈالا اور سریے سمیت گردن مروڑ کر اڈیالا میں چیخ پکار کیلئے بھی خود ہی بٹھایا ہوا ہے کہ دوسروں کو عبرت ہو ۔
اور
16. محترمین چندریگر ۔ امین الدین ۔ مصطفے جتوئی ۔ معین الدین ۔ معراج خالد ۔ چوہدری شجاعت ۔ محمد میاں سومرو ۔ راجہ پرویز اشرف اور میر ہزار خان کھوسو کا کیا ذکر کرنا ۔ نہ تین میں نہ تیرہ میں ۔ (*گھر کا نہ گھاٹ کا لکھنا غیر پارلیمانی ہو جاتا*)
نئی نسل اب سیاست میں ووٹ کی طاقت سے زیادہ ایمیگریشن کی طاقت آزمانے کی کوشش کر رہی ہے ۔ میں نے کہا بیٹا جب بھی موقع ملے قائد اعظم اور علامہ اقبال کے مزار پر جاکر پوچھنا ضرور کہ ہمیں جہنم میں ڈال کر کیا آپ اگلے جہاں میں سکھ اور سکون سے رہ رہے ہیں؟
آخر میں دلاسہ ضرور دیا کہ آپ دونوں طرف کوشش کرکے دیکھتے رہیں ہم جیسے نالائقوں نے 7-8 دہائیوں میں پاکستان میں جو تباہی مچائی ہے کیا پتہ نئی نسل اس کو سدھارنے میں کامیاب ہو جائے ۔
*خاک سا خاکی*