November 17, 2026

صفحہ ہستی پر ثبت ایک اور سچ: وفاداری کا وہ نقش جو مٹایا نہ جا سکا✍️ ایک پختون کی طرف سے پنجاب کے کردار کو سلام

IMG-20250721-WA0558(7)

صفحہ ہستی پر ثبت ایک اور سچ: وفاداری کا وہ نقش جو مٹایا نہ جا سکا✍️ ایک پختون کی طرف سے پنجاب کے کردار کو سلام
تاریخ جب اپنے اوراق کھولتی ہے تو صرف فتوحات نہیں، کردار بھی پڑھتی ہے۔
تحریکیں صرف بینروں، جھنڈوں اور نعروں سے نہیں، قربانی، شعور اور صبر سے زندہ رہتی ہیں۔
کچھ قومیں نعرے لگاتی رہتی ہیں، اور کچھ قومیں خاموش رہ کر اپنی مٹی پر وفاداری کی ایسی مہر لگا جاتی ہیں جو دہلیزِ تاریخ کو لرزا دیتی ہے۔
آج ایک بار پھر دل کا ایک کرب لفظوں میں ڈھل رہا ہے۔
ایک سوال جو شاید کسی اخبار کی شہ سرخی نہ بنا، لیکن میرے جیسے کروڑوں پاکستانیوں کے دل میں چیخ بن کر اٹکا ہوا ہے:
پنجاب میں علیحدگی کی تحریک کیوں نہیں؟
پنجاب میں دہشت گرد کیوں پیدا نہیں ہوتے؟
پنجابی نوجوان بارود کیوں نہیں اٹھاتا؟
کیا اسے ریاست نے سونے کا تاج دیا؟
کیا وہاں دودھ کی نہریں بہتی ہیں؟
کیا وہاں کوئی دکھ، محرومی یا ناانصافی نہیں؟
نہیں…
پنجاب بھی اسی ریاست کا حصہ ہے — وہی لوڈشیڈنگ، وہی بیروزگاری، وہی مسائل۔
لیکن فرق ہے… ایک ناقابلِ انکار فرق — شعور کا فرق، وفاداری کا فرق، قربانی کے مفہوم کا فرق۔
میں پٹھان ہوں، اور مجھے یہ کہنے میں کوئی شرم نہیں کہ:
ہم نے اپنی سرزمین پر بارود کو “غیرت” سمجھا،
ریاست کو دشمن جانا،
فوجی کو قاتل کہا،
اور آزادی کا مطلب علیحدگی سمجھا۔
ہمارے بچوں کے ہاتھ میں قلم نہیں، کلاشنکوف آئی۔
ہم نے تعلیم کو غلامی کہا،
اور جہالت کو شناخت۔
بلوچستان میں بسوں سے پنجابی مزدوروں کو اتار کر مارا گیا — صرف اس لیے کہ وہ پنجابی تھا۔
کراچی میں لسانیت نے نسلیں نگل لیں۔
پختونخواہ میں خودکش بمبار ہمارے بازاروں اور مسجدوں کو لرزاتے رہے۔
سندھ کے کچے میں ڈاکو حکومتوں کو چیلنج کرتے رہے۔
اور ان سب کے بیچ —
ایک پنجاب رہا… خاموش، باوقار، مسلسل قربان ہوتا ہوا۔
وہ پنجابی ماں جس کا جوان بیٹا بلوچستان میں شہید ہوا،
اس نے کیمرے کے سامنے صرف ایک جملہ کہا:
“میرا بیٹا گیا، مگر پاکستان سلامت رہے۔”
وہ پنجابی نوجوان جو ہر جنگ میں سینہ تان کر کھڑا ہوا،
اس نے کبھی یہ نہ کہا کہ “میری قوم کے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے، میں علیحدگی چاہتا ہوں”۔
پنجاب کے گاؤں، قصبے، اور شہر…
جہاں کوئی علیحدگی پسند پیدا نہ ہوا،
جہاں سے کوئی ملک توڑنے والا نعرہ نہ اٹھا،
جہاں سے صرف ایک ہی پیغام آیا:
“ہم اس مٹی کے ہیں، اور مٹی ہمارا فخر ہے۔”
یہ کون سا جذبہ ہے؟
یہ وہ شعور ہے جو دہلیزِ شعور پر نقش کر دیا گیا — کہ ریاست کو ماں کہتے ہیں، اور ماں سے ناراض نہیں ہوتے، اسے قربانی دیتے ہیں۔
پنجاب نے ہمیں کیا دیا؟
تحریکِ پاکستان کا مرکز،
قائداعظم کی حمایت،
دشمن کے سامنے جھکنے سے انکار،
اور ہر قربانی خاموشی سے قبول کرنا۔
تو پھر سوال اٹھتا ہے:
ہم نے اسے کیا دیا؟
گالیاں؟ طعنے؟ الزامات؟
اور بدلے میں وہ ہمیں آج بھی دے رہا ہے — وفاداری، استقامت، اور قربانی۔
قومیں صرف زمین سے نہیں بنتیں
وہ شعور سے بنتی ہیں، وفا سے بنتی ہیں، قربانی سے بنتی ہیں۔
آج اگر پاکستان صفحۂ ہستی پر موجود ہے تو اس میں پنجاب کا خون، آنسو، اور خاموشی شامل ہے۔
قوم کا مطلب صرف “ہم” نہیں، قوم کا مطلب “سب” ہوتا ہے۔
اور اگر ہم پنجاب کے کردار کو نہ سمجھ پائے،
تو ہم صرف نعرے لگاتے رہیں گے — اور تاریخ ہمیں صرف انتشار کے صفحے پر ہی درج کرے گی۔
آؤ!
پنجاب سے سیکھو — صبر، شعور، وفا، قربانی۔
دہلیزِ تاریخ پر ہم بھی وہ نشان چھوڑیں جو مٹایا نہ جا سکے۔
ہم بھی پاکستان کے ساتھ وفا کریں — زبان سے نہیں، کردار سے۔
پنجاب زندہ ہے، کیونکہ اس کے بیٹے پاکستان کے لیے جیتے ہیں، اور مر کر بھی پاکستان کو زندہ رکھتے ہیں۔
سلام ہے تمہیں، اے پنجاب!
سلام ہے تمہارے صبر، شعور اور قربانی کو —
جو ہمیں سکھا گیا کہ قومیں کیسے بنتی ہیں، کیسے بچائی جاتی ہیں۔
یاد رکھنا، سچ ہمیشہ زندہ رہتا ہے —
اور پنجاب کا سچ صفحۂ ہستی پر سنہری لفظوں میں ثبت ہو چکا ہے۔۔والسلام🙏🏻