November 18, 2026
IMG-20250809-WA0220(1)

شیطان کا خاموش وار
پاکستان میں پائے جانے والے سانپوں میں سنگچور سب سے زیادہ زہریلا سانپ ہے۔ یہ اس قدر خاموشی سے حملہ کرتا ہے کہ نہ درد محسوس ہوتا ہے، نہ کوئی چیخ نکلتی ہے۔ اگر ایک گھنٹے کے اندر اندر اینٹی وینم نہ دیا جائے تو انسان کا نروس سسٹم فیل ہو جاتا ہے اور دو گھنٹے کے اندر اندر موت یقینی ہو جاتی ہے۔
بالکل ایسے ہی شیطان نے ہمارے گھروں میں ایک “سنگچور” چھوڑا ہے اور اس کا زہر بھی بڑا ظالم ہے، اس زہر کا نام “ناشکری” ہے۔
اس زہر نے ہمارے دلوں سے شکر گزاری کا جذبہ خاموشی سے ختم کر دیا ہے اور اس کا احساس تک نہیں ہونے دیا اور اس کا سب سے مہلک ہتھیار فوڈ ویلاگنگ ہے آج ہر گھر کا دسترخوان ایک ریویو پلیٹ فارم بن چکا ہے۔ کھانے کی میز پر نئی نسل کھانا کم کھاتی ہے اور اس پر تجزیہ زیادہ ہوتا ہے۔ “گوشت ٹینڈر نہیں ہے..” “فلیور کمزور ہے.۔۔”
“برینڈڈ ہوٹل جیسا ذائقہ نہیں…” “گارنشنگ تھوڑی کم ہے۔”
“پلیٹنگ بہتر ہو سکتی تھی…” “خوشبو متاثر کن نہیں.”
پچھلی نسل میں یہ زبانیں ماں کے ہاتھ کی دال پر بھی “الحمداللہ” کہتی تھیں۔ اب حال یہ ہے کہ بچوں کیلئے ہزاروں روپے کا کھانا بنایا یا منگوایا جائےتو بھی اس پر بیزاری اور بےدلی کے تاثرات سننے کو ملتے ہیں۔ یہ نسل پہلے فوٹو اور وڈیو بناتی ہے، پھر سائیڈ پر بیٹھ کر فون استعمال کرتے ہیں اور آخر پہ برگر کا تقاضا چل رہا ہوتا ہے۔ کسی دن گھر میں دال یا سبزی بن جائےتو چہروں پر مایوسی چھلکنے لگتی ہے۔ ایسے جملے سنائی دیتےہیں جو ایک طرف اس گرمی میں کھڑے ہو کر کھانے پکانے والی ماؤں کے دلوں کو زخمی کرتے ہیں اور دوسری طرف گھروں میں بے برکتی اور بے سکونی کا سماں رہتا ہے۔
اس سارے ماحول سے معلوم ہوتا ہے کہ ناشکری کا زہر نہ صرف زبان پر بلکہ خون میں بھی شامل ہو چکا ہے۔ یہ زہر اتنا چالاک ہے کہ انسان کو احساس ہی نہیں ہوتا کہ وہ کتنا نا شکرا ہو چکا ہے۔ الله پاک نے ناشکرے انسان کیلئے جو الفاظ استعمال کیے ہیں اور تنبیہہ کیلئے جو انداز اختیار کیا ہے وہ شاید ہی کسی اور جگہ اختیار ہوا ہو،
“خدا کی مار ہو ایسے انسان پر، یہ کتنا ناشکرا ہے!۔۔”
(سورۃ عبس، آیت 17)
یاد رکھیں، شیطان کے یہ وار خاموش ضرور ہیں لیکن اس کا انجام بہت تباہ کن ہے۔ اس پر محاسبہ ضرور کریں۔