November 17, 2026

کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، اقوام متحدہ کردار ادا کرے،نزاکت علی چوہان ، چوہدری محمد اشرف

Screenshot_2025-08-04_190248

کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، اقوام متحدہ کردار ادا کرے،نزاکت علی چوہان ، چوہدری محمد اشرف

وہاڑی (بیوروچیف) یوم استحصال کے موقع پر پاکستان مسلم لیگ ق کے نائب صدر پنجاب لیبر ونگ نزاکت علی چوہان ، اور جنرل سیکرٹری پنجاب لیبر ونگ چوہدری محمد اشرف نے ایک تفصیلی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کشمیری عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ پانچ اگست 2019 کو بھارتی حکومت کی جانب سے آرٹیکل 370 کے خاتمے کے بعد مقبوضہ کشمیر کو جیل میں تبدیل کر دیا گیا ہے، لاکھوں کشمیریوں کے بنیادی انسانی حقوق سلب کیے جا چکے ہیں، انٹرنیٹ بندش، سیاسی قیدیوں کی گرفتاری، میڈیا پر پابندی اور ماورائے عدالت قتل جیسے اقدامات عالمی ضمیر کے منہ پر طمانچہ ہیں، نزاکت علی چوہان نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ مسئلہ کشمیر کو صرف جغرافیائی تنازعہ نہیں بلکہ انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی سمجھتی ہے، انہوں نے عالمی برادری، او آئی سی اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ خاموشی توڑ کر کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانے کے لیے ٹھوس اور عملی اقدامات کرے، چوہدری محمد اشرف نے کہا کہ بھارت کی فاشسٹ حکومت نہ صرف جنوبی ایشیاء بلکہ پوری دنیا کے امن کے لیے خطرہ بنتی جا رہی ہے، پاکستان کو سفارتی سطح پر مزید متحرک ہونا چاہیے، انسانی حقوق کی تنظیموں، سول سوسائٹی اور میڈیا کو کشمیر کا مقدمہ دنیا بھر میں بھرپور طریقے سے اٹھانا چاہیے، انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کل بھی کھڑی تھی، آج بھی ہے اور ہمیشہ رہے گی، نزاکت علی چوہان اور چوہدری محمد اشرف نے مشترکہ نوجوان نسل سے اپیل کی کہ وہ سوشل میڈیا اور دیگر پلیٹ فارمز پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کریں اور ظلم کے خلاف آواز بلند کریں، آخر میں انہوں نے شہدائے کشمیر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں ایک دن ضرور رنگ لائیں گی اور آزادی کی صبح ضرور طلوع ہو گی۔