میلسی میں تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن جاری ۔PERA) وہاڑی کے سب ڈویژنل آفیسر جاوید لکھویرا، اسسٹنٹ کمشنر میلسی رانا ذوہیب کریم اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی مہر اویس اقبال بھی اس آپریشن میں شریک
میلسی (محمدمختارسولگی) پنجاب انفورسمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (PERA) وہاڑی کے سب ڈویژنل آفیسر جاوید لکھویرا کی قیادت میں میلسی میں تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن جاری ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر میلسی رانا ذوہیب کریم اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی مہر اویس اقبال بھی اس آپریشن میں شریک ہیں۔ کالونی روڈ پر متعدد دکانیں سیل کر دی گئیں جبکہ کئی دکانداروں کو گرفتار کیا گیا
اس آپریشن کو میلسی کی تاجر برادری اور شہریوں کی مکمل حمایت حاصل ہو رہی ہے۔ تنظیم تاجران میلسی کے سربراہ ملک عبدالجبار ملتانی نے PERA کی کارروائی کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم گزشتہ دس سال سے تجاوزات کے خلاف کام کر رہے ہیں اور اس مقصد کے لیے ہائی کورٹ تک بھی گئے۔ حکومت کا یہ بلاامتیاز اور غیرسیاسی آپریشن قابل ستائش ہے جو کہ شہر کی خوبصورتی بحال کرنے اور عوامی سہولتوں کی فراہمی کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
دوسری جانب میلسی کے شہریوں نے بھی PERA اور مقامی انتظامیہ کی اس کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ تجاوزات کا خاتمہ ایک دیرینہ مسئلہ ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ یہ مسئلہ اب مستقل بنیادوں پر حل ہو جائے گا۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ اگر یہ مہم بغیر کسی سیاسی دباؤ کے جاری رہی تو میلسی کا نقشہ بدل جائے گا۔
ذرائع کے مطابق آپریشن کا دائرہ دیگر علاقوں تک بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور تجاوزات کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی جاری رہے گی.