November 23, 2026

ضلع خوشاب میں سرکاری سطح پر شجرکاری مہم ،ایک احسن اقدام خصوصی تحریر: راجہ نورالہی عاطف

IMG-20240806-WA0161

ضلع خوشاب میں سرکاری سطح پر شجرکاری مہم ،ایک احسن اقدام
خصوصی تحریر: راجہ نورالہی عاطف

جنگلات نہ صرف انسانی جانوں کو قدرتی آفات سے محفوظ رکھتے ہیں بلکہ انسانی زندگی کے لیے بھی بڑی اہمیت رکھتے ہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ ترقی یافتہ ممالک میں جنگلات کو بڑی اہمیت دی جاتی ہے ۔ اس کے تحفظ کے لیے ٹھوس اقدامات اور قانون سازی بھی کی جاتی ہے ۔ وطن عزیز اسلامی جمہوریہ ء پاکستان میں بھی اب قومی شجرکاری مہم کو شاندار کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔ اس حوالے سے ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن خوشاب ڈپٹی کمشنر ذیشان شبیر رانا کی زیر نگرانی وطن عزیز کو سرسبز و شاداب بنانے اور قومی شجرکاری مہم کی کامیابی کے لیے بھرپور کوشاں نظر آتی ہے ۔ اللہ تعالی اکے فضل و کرم سے وطن عزیز بہت پیارا ملک ہے اس کو ہرے بھرے لہلہاتے درخت اور رنگا رنگ پودوں کی ضرورت ہے ۔ درختوں کی حفاظت کرنا ہم سب کا فرض ہے ۔ ہم سب کو مل کر معاشرے میں ایک صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ہے ۔ قارئین محترم !
جنگلات کی اہمیت مسلمہ ہے ۔ گزشتہ چند برسوں سے اس حوالے سے دنیا بھر میں ایک نئی حساسیت نے جنم لیا ہے ۔ جس کے اثرات پاکستانی معاشرہ میں بھی دیکھنے میں آرہے ہیں ۔ بڑھتی ہوئی انسانی آبادی کی وجہ سے جنگلات کے بے دریغ کٹاؤ کی وجہ سے کرہ ءارض پر نباتاتی اورحیاتیاتی تناؤ کو شدید خطرات لاحق ہیں ۔ جنگلات بارشوں کے زیادہ برسنے کا اہم سبب ہے اور یہی بارش خوراک کی زیادہ پیداوار کا ذریعہ ہے ۔ جنگلات کی موجودگی کسی ملک کے ماحول ،شہری ترقی، معیشت اور انسانوں کو مختلف جہتوں سے توانائی فراہم کرتی ہے ۔ ماہرین یہ بھی بتاتے ہیں کہ بڑے اور پرہجوم شہروں میں درختوں کا ہونا ضروری ہے تاکہ وہاں موسمی تغیرات کی وجہ سے ہونے والی گرمی اور ماحول کی آلودگی میں کمی آئے ۔ بہتر ماحول ہی صحت مند معاشرہ کی ضمانت ہے جو کہ درختوں کی وجہ سے ہو سکتا ہے کیونکہ درخت ہی ایک ایسی قدرتی مشین ہے بلکہ زمین کے پھیپھڑے ہیں ، جو تمام زہریلی گیسوں کو جذب کرتے ہیں اور آکسیجن کو ہمارے لیے چھوڑتے ہیں ۔ایک تحقیق کے مطابق ایک درخت سالانہ چار اشاریہ چھ ٹن آکسیجن خارج کرتا ہے ،6.3 ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ جذب کرتا ہے، 30 ہزار لیٹر پانی سالانہ زمین میں جذب کرتا ہے اور 55 کلومیٹر گرام زمین کی زرخیزی کے لیے پتے دیتا ہے ۔ اگر ہم من حیث القوم سال میں ایک درخت بھی لگائیں تو ہر سال کروڑوں درختوں کا اضافہ ہو سکتا ہے جو کہ ناممکن نہیں ہے ۔ جنگلات کے بے شمار فائدے ہیں ۔ جس میں اولین آکسیجن کا پیدا کرنا ہے جو سانس لینے کے لیے ضروری ہے، اس کے علاوہ درخت زرعی زمین کے کٹاؤ کو روکتے ہیں سیلاب سے بچاؤ کا سبب بنتے ہیں انسانوں کے استعمال کے لیے فرنیچر اور جلانے کی لکڑی کا ذریعہ ہیں ۔حیواناتی اور نباتاتی زندگی کی پناہگاہیں ہیں بیشتر دلکش تفریح گاہیں جنگلات کی وجہ سے ہی عام و خاص کی توجہ کا مرکز ہوتی ہیں ۔ درختوں کی اس اہمیت کے پیش نظر ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن خوشاب ضلع بھرمیں شجرکاری کےلیے بھرپوراقدامات کررہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر خوشاب ذیشان شبیر رانا کی زیر نگرانی قومی شجرکاری مہم اس وقت ضلع بھر میں تواتر سے جاری و ساری ہے۔ محکمہ ءجنگلات ضلع خوشاب اپنے اہداف کے حصول کے لیے خاصا متحرک نظر آتا ہے جبکہ دوسرے سرکاری محکمہ جات کے رقبہ جات میں متعلقہ آفیسرز کی زیر نگرانی پودے لگانے کے ٹارگٹ کے حصول کے لیے شجرکاری مہم زور و شور سے جاری ہے ۔ برسبیل تذکرہ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ سرکاری ڈیپارٹمنٹس کے ساتھ ساتھ نجی زمینوں پر بھی لوگ پودے لگانے میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں جو کہ نہایت خوش آئند اقدام ہے ۔ اللہ تبارک و تعالی اکی ذات والا صفات نے ڈپٹی کمشنر خوشاب ذیشان شبیر رانا کو اعلی ا انتظامی صلاحیتیں ودیعت کی ہیں ۔ موصوف ضلع بھر میں قومی شجرکاری مہم کی کامیابی کے لیے نہ صرف خود مانیٹرنگ کر رہے ہیں بلکہ ان کی طرف سے وقتا” فوقتا” تمام متعلقہ ڈیپارٹمنٹس کو ہدایات بھی جاری کی جا رہی ہیں ۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ محکمہ ء جنگلات ،محکمہ ءصحت، سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ، پولیس ڈیپارٹمنٹ ،فوڈ ڈیپارٹمنٹ ،پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ ،ریسکیو 1122 ڈسٹرکٹ خوشاب اور ایگریکلچر ڈیپارٹمنٹ سمیت دیگر محکموں کے ساتھ ساتھ خصوصا” محکمہ ء تعلیم ضلع خوشاب سرکاری تعلیمی اداروں میں شجرکاری مہم کی کامیابی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہا ہے اور اس حوالے سے چیف ایگزیکٹو آفیسرایجوکیشن اتھارٹی ڈسٹرکٹ خوشاب چوہدری اشفاق احمد، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری سکولز ملک فضل الہی فضل ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ایلیمنٹری سکولز ڈسٹرکٹ خوشاب فیض الحسن ملک اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر تحصیل نورپورتھل ڈاکٹر ملک منیر حسین کلو سمیت ضلع خوشاب کی دیگر تحصیلوں نوشہرہ قائد آباد اور خوشاب کے ڈپٹی ڈی ای اوز مردانہ وزنانہ بھی اپنے اپنے اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز سمیت سرکاری تعلیمی اداروں کے سربراہان کو قومی شجرکاری مہم کی کامیابی کے لیے متحرک کیے ہوئے ہیں اور بذات خود تمام آفیسرز مختلف علاقوں میں پودے لگا کر قومی شجرکاری میم کو کامیاب بنانے کے لیے اہم کردار ادا کر رہے ہیں ۔ خوشاب میں سرکاری سطح پر قومی شجرکاری مہم کی کامیابی کے لیے منتخب عوامی نمائندگان بھی اپنے اپنے حلقہ ہائے نیابت میں پودے لگا کر لوگوں کو قومی شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی طرف راغب کر رہے ہیں ۔ تمام آفیسرز اور انتظامیہ کے اہلکاران مل کر مختلف علاقوں میں شجرکاری مہم کے لیے واکس اور ریلیوں کا بھی انعقاد کر رہے ہیں تاکہ اس حوالے سے عوام کو بھرپور اگاہی فراہم کی جا سکے ۔