سکھر (بیوروچیف دعاآن۔ لائن نیوز سیدضیاءالرحمٰن) آل سکھر اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کی جانب سے شہر میں امن و امان کی شدید بگڑتی صورتحال اور پولیس
سکھر (بیوروچیف دعاآن۔ لائن نیوز سیدضیاءالرحمٰن) آل سکھر اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کی جانب سے شہر میں امن و امان کی شدید بگڑتی صورتحال اور پولیس انتظامیہ کی ناکامی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایک ہنگامی اجلاس سکھر تاجر سیکریٹیریٹ میں منعقد کیا گیا۔اجلاس کی صدارت تنظیم کے بانی و قائد حاجی محمد ہارون میمن نے کی۔ اجلاس میں شہر بھر سے تعلق رکھنے والے تاجر تنظیموں کے عہدیداران نے شرکت کی۔شرکاء نے سکھر شہر میں جاری جرائم کی لہر، خاص طور پر چوری، ڈکیتی، لوٹ مار اور شہریوں کے خلاف تشدد کے واقعات میں خطرناک اضافے پر گہرے دکھ اور تشویش کا اظہار کیا۔اجلاس میں حاجی محمد ہارون میمن نے زور دے کر کہا گیا کہ ایس ایس پی سکھر نے ملاقات میں شہر میں امن و امان قائم کرنے کا وعدہ کیا مگر ایس ایس پی سکھر شہر میں امن و امان کی صورتحال کو قابو میں لانے اور عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہے ہیں۔ تاجر برادری پولیس کی نااہلی اور غیر موثر حکمت عملیوں سے شدید مایوس ہے۔ اس ناکامی اور عوام کی بے چینی کے پیش نظر،آل سکھر اسمال ٹریڈرز کی جانب سے آنے والے پیر کے دن ایس ایس پی سکھر کی ناقص کارکردگی اور شہر کی بدتر ہوتی حفاظتی صورت حال کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔ اجلاس کے شرکاء نے یک زبان ہو کر انسپکٹر جنرل پولیس سندھ، وزیر داخلہ سندھ، اور وزیر اعلیٰ سندھ سے فوری اور بروقت مداخلت کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ صورتحال کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے ایس ایس پی سکھر کو فوری طور پر تبدیل کیا جائے۔ تاجر برادری کا اصرار ہے کہ شہر کو ایک قابل، فعال اور عوام کی حفاظت پر توجہ دینے والے افسر کی قیادت کی ضرورت ہے۔حاجی محمد ہارون میمن نے اپنے اختتامی کلمات میں کہا کہ تاجر برادری صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکی ہے۔ شہر کی بدامنی نے نہ صرف کاروباری سرگرمیوں کو بری طرح متاثر کیا ہے بلکہ شہریوں کی جان و مال کو بھی شدید خطرات لاحق ہو چکے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ اگر فوری اور موثر اقدامات نہ اٹھائے گئے، خاص طور پر ایس ایس پی کی تبدیلی، تو صورتحال مزید سنگین ہو سکتی ہے۔ انہوں نے اپنے تمام مطالبے پر سنجیدگی سے عمل درآمد کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ آل سکھر اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کا مؤقف ہے کہ امن و امان کے بغیر ترقی ناممکن ہے۔ آل سکھر اسمال ٹریڈرز عوام کی فلاح و بہبود اور شہر کے تحفظ کے لیے اپنی آواز بلند کرتی رہے گی۔