November 18, 2026

بیو رو چیف میلسی ٹی ایچ کیو ہسپتال میلسی میں ڈاکٹرز و اسٹاف کی غفلت، سی ای او ہیلتھ وہاڑی ڈاکٹر فہد وحید کا سخت ایکشن، غیر حاضر ڈاکٹرز سے وضاحت طلب

20250725_063745

. بیو رو چیف میلسی ٹی ایچ کیو ہسپتال میلسی میں ڈاکٹرز و اسٹاف کی غفلت، سی ای او ہیلتھ وہاڑی ڈاکٹر فہد وحید کا سخت ایکشن، غیر حاضر ڈاکٹرز سے وضاحت طلب

چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ہیلتھ اتھارٹی وہاڑی ڈاکٹر فہد وحید نے ٹی ایچ کیو ہسپتال میلسی کے اچانک دورے کے دوران ڈاکٹرز اور انتظامی عملے کی غفلت، غیر حاضری اور ناقص کارکردگی پر سخت نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داران سے اظہار وجوہ کے نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سی ای او ہیلتھ وہاڑی نے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر عمران چوہدری اور نیوٹریشن پروگرام کے ہمراہ 25 جولائی صبح 8:20 بجے ٹی ایچ کیو ہسپتال میلسی کا دورہ کیا، جہاں ڈینٹل سرجن ڈاکٹر کامران یوسف، فنانس اینڈ بجٹ آفیسر محمد فہد اسلم، کنسلٹنٹ گائناکالوجسٹ ڈاکٹر نادیہ فیاض، آرتھوپیڈک سرجن ڈاکٹر صفدر عباس اور میڈیکل آفیسر ڈاکٹر زبیر ڈیوٹی کے اوقات میں غیر حاضر پائے گئے۔

دورے کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی کہ ڈاکٹر نادیہ فیاض اور محمد فہد اسلم مسلسل غیر حاضری کے مرتکب پائے گئے ہیں جبکہ ڈاکٹر کامران یوسف پر مریضوں کو درست طریقے سے چیک نہ کرنے اور لاپرواہی برتنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ آپریشن تھیٹر کا ریکارڈ چیک کرنے پر یہ انکشاف ہوا کہ جون کے مہینے میں صرف 10 سرجریز کی گئی ہیں جبکہ کسی بھی قسم کے ٹراما یا انٹرنل فکسیشن کیسز نہیں کیے گئے۔ موجودہ دن بھی OT لسٹ پر کوئی مریض موجود نہیں تھا، جو کہ سرکاری فرائض میں عدم دلچسپی، نااہلی اور سنگین بدانتظامی (gross misconduct) کا واضح ثبوت ہے۔

سی ای او ڈاکٹر فہد وحید نے تمام غیر حاضر افسران و ڈاکٹرز کو 28 جولائی دوپہر 2:30 بجے اپنے دفتر میں طلب کر کے تحریری وضاحت پیش کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے، بصورت دیگر سخت محکمانہ کارروائی کی سفارش کی جائے گی۔

دوسری جانب اہلِ میلسی نے سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر فہد وحید کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ان کا یہ نگرانی کا عمل وقتی نہیں بلکہ مستقل بنیادوں پر جاری رہے گا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ محمد فہد اسلم جیسے افسران سرکاری ڈیوٹی کے دوران غیر حاضر رہ کر اپنے پرائیویٹ کلینکس چلاتے ہیں جس سے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں حاضری کا مؤثر نظام نافذ کیا جائے تاکہ عوام کو بروقت علاج معالجہ کی سہولیات میسر آ سکیں اور غفلت برتنے والے افسران و ڈاکٹروں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔