ایران اور اسرائیل کی جنگ میں آپ لوگوں نے ضرور “یورینیم افزودگی” (Uranium Enrichment) کی اصطلاح بارہا سنی ہوگی۔ آج ہم اسی پر بات کریں گے
ایران اور اسرائیل کی جنگ میں آپ لوگوں نے ضرور “یورینیم افزودگی” (Uranium Enrichment) کی اصطلاح بارہا سنی ہوگی۔ آج ہم اسی پر بات کریں گے کہ Uranium Enrichment اصل میں ہے کیا، اور یہ ایٹم بم اور ایٹمی بجلی بنانے میں ضروری کیوں ہے۔
قدرتی طور پر جو یورینیم ملتا ہے، اس میں 99.3٪ uranium-238 اور صرف 0.7٪ uranium-235 ہوتا ہے۔ اور یہی uranium-235 وہ عنصر ہے جو ایٹم بم اور نیوکلیئر پاور پلانٹس میں استعمال ہوتا ہے۔
چونکہ قدرتی یورینیم میں uranium-235 کا تناسب بہت کم یعنی 0.7٪ ہوتا ہے، اس لیے جب اس تناسب کو بڑھایا جاتا ہے تو اس عمل کو ہی “یورینیم افزودگی” یا Uranium Enrichment کہا جاتا ہے۔
اب یورینیم کو دو مقاصد کے لیے استعمال کیا جاتا ہے:
1. نیوکلیئر پاور پلانٹس میں بجلی پیدا کرنے کے لیے
2. ایٹم بم بنانے کے لیے
بجلی بنانے کے لیے کم افزودہ یورینیم استعمال کیا جاتا ہے، جس میں uranium-235 کا تناسب 3٪ سے 5٪ تک ہوتا ہے۔ جبکہ ایٹم بم بنانے کے لیے زیادہ افزودہ یورینیم درکار ہوتا ہے، جس میں uranium-235 کا تناسب 90٪ سے زیادہ ہوتا ہے۔
نیوکلیئر پاور پلانٹ میں کنٹرولڈ نیوکلیئر ری ایکشن کے ذریعے پانی کو گرم کیا جاتا ہے تاکہ بھاپ (steam) سے ٹربائن کو گھمایا جا سکے، جو کہ ایک بہت بڑے جنریٹر کے ساتھ شافٹ کے ذریعے جُڑا ہوتا ہے۔
یورینیم افزودگی کا سب سے جدید اور مؤثر طریقہ گیس سنٹری فیوج (Gas Centrifuge) کہلاتا ہے، جس میں یورینیم گیس کو بہت تیز رفتاری سے گھمایا جاتا ہے تاکہ ہلکے اور بھاری آئسوٹوپس ایک دوسرے سے الگ ہو جائیں۔ دنیا کے کئی ممالک کے پاس یہ ٹیکنالوجی ہے، اور اس کے ذریعے وہ یا تو پرامن مقاصد کے لیے نیوکلیئر ایندھن بناتے ہیں یا ہتھیاروں کے لیے مواد تیار کرتے ہیں۔