November 17, 2026

*کیرتھر سے کراچی پہاڑی سلسلے کی تباہی، محکمہ جنگلات کی خاموشی، اور کنکریٹ کے جنگل میں بدلتا ہوا سندھ*

IMG-20250711-WA0168

*کیرتھر سے کراچی پہاڑی سلسلے کی تباہی، محکمہ جنگلات کی خاموشی، اور کنکریٹ کے جنگل میں بدلتا ہوا سندھ*

*2032 تک کراچی اور اسکے مضافات میں درجہ حرارت 57 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے*

*آج قدم نہ اٹھایا تو آنے والے دنوں میں نہ درخت بچیں گے، نہ بارشیں، نہ خوراک، نہ ہوا*

*مستقبل قریب میں کراچی ایک دھواں دار، بے جان کنکریٹ کا قبرستان بن جائیگا*

کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) پاکستان بزنس گروپ پی بی جی او کے بانی و سرپرست اعلیٰ اور سابق چیئرمین کاٹی، فراز الرحمٰن نے ایک اہم ماحولیاتی بیان میں خبردار کیا ہے کہ کراچی اور اسکے گرد و نواح میں بے لگام تعمیرات، بالخصوص گڈاپ سے لے کر نوری آباد تک، کیرتھر نیشنل پارک اور اس سے جُڑے پہاڑی ماحولیاتی نظام کو شدید نقصان پہنچا رہی ہیں اور محکمہ جنگلات کی مجرمانہ خاموشی اس عمل کو مزید خطرناک بنا رہی ہے۔ مزید انہوں نے نشاندہی کی کہ کیرتھر کا پہاڑی سلسلہ، جو صدیوں سے سندھ کے مقامی درختوں، جنگلی حیات، اور پانی کے قدرتی بہاؤ کی ضمانت تھا، آج کمرشل مفادات کی بھینٹ چڑھ چکا ہے۔ درجنوں ہاؤسنگ اسکیمیں بغیر ماحولیاتی منظوریوں کے بنائی جارہی ہیں، جنہوں نے پہاڑوں کو کاٹ کر کنکریٹ کے جنگل میں بدل دیا ہے۔ محکمہ جنگلات، جس کا بنیادی فرض ان خطوں کی حفاظت تھا، یا تو غیر فعال ہے یا چشم پوشی کر رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ زیر زمین پانی کی شدید کمی کا سبب پہاڑوں پر تعمیرات اور کنکریٹ کا پھیلاؤ پانی کے قدرتی بہاؤ کو روک رہا ہے، جس سے پانی کی سطح چالیس سے ساٹھ فٹ تک گرچکی ہے۔ اور قدرتی راستوں اور ڈیلٹا کے نظام کی تباہی کا سبب بھی، برساتی پانی، جو پہلے ندی نالوں کے ذریعے کراچی کے ڈیلٹا تک پہنچتا تھا، اب بند ہو چکا ہے۔ اس کے نتیجے میں ساحلی ذرخیزی کا نظام ختم ہورہا ہے۔ کیرتھر نیشنل پارک کا سکڑاؤ بھی اسی اثرات کے تحت ہورھا ھے۔ اس محفوظ علاقے کی سرحدوں میں مسلسل تجاوزات ہو رہی ہیں۔ جنگلی حیات کی پناہ گاہیں ختم، اور نایاب نسلیں ہجرت یا ہلاکت کا شکار ہو چکی ہیں۔ پہاڑوں کا صفایا، مٹی اور پتھروں کی تجارت کا عملی جاری ھے۔ پورا ماحولیاتی توازن صرف اس لئے برباد کیا جارہا ہے تاکہ زمین بیچی جا سکے۔ پہاڑ، جو بارش جذب کرتے اور زیر زمین پانی میں اضافہ کرتے تھے، اب پتھروں کے کاروبار کی نذر ہوچکے ہیں۔ زرعی زمینوں کی تباہی گڈاپ، کوہستان اور نوری آباد کی بارانی زمینیں اب پلاٹوں میں تبدیل ہوچکی ہیں۔ خوراک کی قلت آئندہ چند سالوں میں سندھ کے لئے ایک بڑا بحران بن سکتی ہے۔
محولیاتی تبدیلی کا عالمی اثرات مرتب ہونا شروع ہوچکے ہیں۔ بین الاقوامی موسمیاتی اداروں کے مطابق، اگر یہی رجحان جاری رہا تو سنہ دو ہزار بتیس عیسوی تک کراچی اور اسکے مضافات میں درجہ حرارت ستاون ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے، جو انسانی زندگی کیلئے خطرناک ہے۔ فراز الرحمٰن کا کہنا ھے کہ یہ صرف پہاڑ یا درخت نہیں کٹ رہے، بلکہ ہماری نسلوں کا حق مارا جارہا ہے۔ محکمہ جنگلات کی خاموشی، اداروں کی بے عملی، اور زمین کی خرید و فروخت کے نام پر تباہی یہ سب مل کر سندھ کو ماحولیاتی خودکشی کی طرف دھکیل رہے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ کیرتھر نیشنل پارک اور اس سے متصل علاقوں کو ماحولیاتی ہنگامی زون قرار دیا جائے۔ پہاڑوں کی کٹائی، ندی نالوں کی بندش، اور مٹی کی غیر قانونی فروخت پر فوری پابندی لگائی جائے۔ محکمہ جنگلات کو مکمل تحقیقات کے تحت جوابدہ بنایا جائے۔ تمام پرائیویٹ سوسائٹیوں کو ماحولیاتی نقصان پر ری اسٹوریشن فنڈز اور فوجداری مقدمات کا سامنا ہونا چاہئے۔ مقامی درختوں کی بحالی، جانوروں کی پناہ گاہوں کی حفاظت، اور پانی کے قدرتی راستوں کی بحالی کو ترجیحی قومی پالیسی بنایا جائے۔ انھوں نے کہا کہ اگر ہم نے آج قدم نہ اٹھایا تو آنے والے دنوں میں نہ درخت بچیں گے، نہ بارشیں، نہ خوراک، نہ ہوا۔ کیرتھر اور اس جیسے قدرتی خزانے اگر ختم ہوگئے تو کراچی ایک دھواں دار، بے جان کنکریٹ کا قبرستان بن جائے گا۔