November 16, 2026

*خدارا ہوش کے ناخن لیں!*

20250709_195004

*خدارا ہوش کے ناخن لیں!*

آج ایک ڈاکٹر سے مُلاقات ہوئی جس نے ایک دیہی مرکز صحت BHU چلانے کے لئے لیا تھا۔ آؤٹ سورس کہہ لیں (کیونکہ ٹھیکے پر لینا یا پرائیویٹ کہنے سے اے سی والے کمروں میں بیٹھے اَرباب اِختیار کو گراں گزرتا ہے)۔
اَب اِن ڈاکٹر صاحب نے ایک اَچھا موقع جانتے ہوئے، سوچے سَمجھے اور پڑھے بغیر کنٹریکٹ پہ دستخط کر دئیے۔ اسی کنٹریکٹ پہ جس میں لکھا ہوا تھا کہ اگر ڈیٹا یا غلط اِنفارمیشن دی گئی تو پی ایم ڈی سی لائیسنز کینسل ہو جائے گا ـ جی ہاں! وُہی پی ایم ڈی سی لائیسنز جس کی بدولت پاکستان میں ڈاکٹر کی پریکٹس کی جا سکتی ہےـ اَب پاکستان کے سسٹم میں فون نمبرز غلط لکھوانا یا ایسا نمبر دے دینا جو گھر میں سے کسی کا ہو، عام رواج ہے لیکن جب ایسے کسی نمبر پر فون جاتا ہے تو آگے سے کہہ دیا جاتا ہے کہ “نہیں، ہم نے تو علاج کروایا ہی نہیں”۔
اَب اِس بُنیاد پر مَذکُورہ ڈاکٹر صاحب کے ڈیٹا کو غلط قرار دیتے ہوئے ان کے واجبات بھی روک دئیے گئے اور ان کے خلاف پی ایم ڈی سی کینسل کرنے کی درخواست پی ایم ڈی سی کو بھی چلی گئی ـ ڈاکٹر صاحب نے پورا مہینہ اَنتھک مِحنت کی تھی اپنے مَریم نواز کلینک کو چلانے کی اور اب وہ ڈپریشن میں مبتلا ہو چکے ہیں ـ

اَب میری گزارش وزیر اَعلیٰ مریم نواز صاحبہ سے ہے کہ خُدا کے لئے پالیسی سازوں پہ اَندھا اعتماد نہ کریں اور پالیسی کے سیاق و سباق خود بھی سَمَجھ لینے کی زحمت فرما لیں وَرنہ ہزیمت اُٹھانی پڑے گی۔ یہ بیوروکریٹ آپ کی اور آپ کی سیاسی جماعت کی مَنجی ٹھوک کر ہی دَم لیں گیں۔

*اب چند گذارشات*
آپ اور ہم سب اَب جان گئے ہیں کہ دیہی مراکز BHU کے مسائل اور رُورل ہیلتھ سینٹر RHC کے مسائیل الگ ہیں۔ رورل ہیلتھ سنٹروں میں تو آدھے لوگوں نے لیا اور باقی جواب دے گئے وجہ؟؟
رورل ہیلتھ سنٹرز RHC میں
آپریشن تھیٹر نہ ہیں، ڈینٹل چئیر نہ ہے، ڈلیوری کا مناسب سامان نہ ہے، آپریشن کے آلات و اوزار نہ ہیں۔ مَریم نواز کلینک کے پیسے کارکردگی کی بنیاد پہ ملنے ہیں، اب جب سامان ہی نہ ہو گا تو صرف پینٹ شُدہ، لَش پَش عِمارت کس کام کی؟
اَب جس نے مَریم ہیلتھ کلینک لے لیا ہے، وہ اِخراجات کہاں سے پورے کرے گا۔ اِس طرح ایک پراجیکٹ جو بڑے اِشتہارات، دَعؤوں اور عَوام کے ٹیکس کے پیسوں سے شروع کیا گیا، وہ خطرے میں پڑتا نظر آ رہا ہےـ

اور ایک لمحہ فکریہ یہ بھی ہے کہ رورل ہیلتھ سینٹر RHC جن کو کسی نے نہیں لِیا، وہاں سے پہلے سے تعینات سَرکاری عملہ نکال دِیا گیا ہے اور نیا عَملہ آیا نہیں تو اِن مریضوں کا کون والی وارث ہے؟؟؟
تو خُدارا ابھی بھی وقت ہے اپنا مُحاسبہ خود کر لیں تاکہ مستقبل کی بدنامی سے بچا جا سکے۔

آپ سب کا خیر خواہ،
*مُحبّ وَطَن پاکِستانی*