November 16, 2026

میلسی شہر میں پانی کا بحران شدت اختیار کر گیا* *تمام ٹیوب ویلز اور واٹر سپلائی پانچ روز سے بند، چیف آفیسر کا ہتک آمیز رویہ*

20250709_195004

میلسی شہر میں پانی کا بحران شدت اختیار کر گیا*
*تمام ٹیوب ویلز اور واٹر سپلائی پانچ روز سے بند، چیف آفیسر کا ہتک آمیز رویہ*
*وزیراعلیٰ پنجاب سے فوری نوٹس اور معطلی کا مطالبہ*

*میلسی * میلسی شہر پانی کے سنگین بحران کا شکار ہو چکا ہے۔ شہر بھر کے تمام سرکاری ٹیوب ویلز اور واٹر سپلائی سسٹم گزشتہ پانچ روز سے مکمل طور پر بند ہیں، جس کی وجہ سے عوام پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں۔ شہریوں نے انتظامیہ کی مجرمانہ خاموشی اور بے حسی پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔

محلہ صدیق اکبر کے رہائشی عتیق الرحمٰن نے میڈیا کو بتایا کہ پانی نہ ہونے کے باعث گھریلو زندگی بری طرح متاثر ہو چکی ہے، لیکن متعلقہ حکام کوئی توجہ نہیں دے رہے۔ عتیق الرحمٰن کے مطابق جب انہوں نے چیف آفیسر میونسپل کمیٹی میلسی مہر اویس سے فون پر رابطہ کیا تو ان کا رویہ انتہائی ہتک آمیز اور غیر اخلاقی تھا۔ چیف آفیسر نے کہا:
*”آپ نے صبح صبح کال کر کے میری نیند خراب کیوں کی؟ میں کسی کا پابند نہیں کہ سب کو جواب دوں۔”*

شہریوں نے الزام لگایا کہ چیف آفیسر مہر اویس شکایت کنندگان سے تلخ لہجے میں بات کرتے ہیں، ان کے فون نمبرز بلیک لسٹ کر دیتے ہیں اور عوامی مسائل کو سنجیدہ لینے کے بجائے خود کو ہر جواب دہی سے مبرا سمجھتے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ چیف آفیسر کا منصب براہ راست عوامی خدمت اور پبلک ڈیلنگ سے جڑا ہوتا ہے، اور اس رویے سے وہ نہ صرف اپنی ذمہ داریوں سے انکار کر رہے ہیں بلکہ اخلاقی پستی کا بھی مظاہرہ کر رہے ہیں۔

*شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب اور کمشنر ملتان سے فوری نوٹس لینے، واٹر سپلائی نظام کی بحالی اور چیف آفیسر مہر اویس کی فوری معطلی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر بدتمیزی اور غفلت کا سلسلہ بند نہ ہوا تو وہ بہت جلد احتجاجی مظاہروں کا راستہ اختیار کریں گے۔*