November 16, 2026

آئینہ وقت عنوان: فیصل آباد میں سائبر کرائم کا پینڈورا باکس! تحریر: محمد حنیف شاہد ارائیں

20250707_144057

آئینہ وقت

عنوان: فیصل آباد میں سائبر کرائم کا پینڈورا باکس!
تحریر: محمد حنیف شاہد ارائیں

پاکستان میں جب بھی سائبر کرائم کی بات کی جاتی ہے تو زیادہ تر لوگوں کے ذہن میں صرف سوشل میڈیا ہراسانی یا واٹس ایپ فراڈ آتا ہے۔ لیکن فیصل آباد کے ایک قدرے خاموش علاقے میں چھپے اُس “ڈیجیٹل ہائی ٹیک ڈیرے” نے ملک کی تاریخ میں سائبر جرم کی سب سے بڑی داستان کو جنم دے دیا ہے۔
یہ کوئی فلمی سین نہیں بلکہ حقیقت ہے۔
تھانہ بلوچنی کی حدود 54 رب میں نون لیگی رہنما اور سابق چیئرمین فیسکو تحسین اعوان کے ڈیرے پر ہونے والا ریڈ صرف ایک چھاپہ نہیں تھا، بلکہ ریاستی اداروں کی مشترکہ کارروائی کا ایک ایسا دھماکہ خیز آغاز ہے جس کی بازگشت بین الاقوامی سطح تک سنائی دے سکتی ہے۔
ایف آئی اے، حساس اداروں، اور سائبر کرائم ونگ کی نگرانی میں ہونے والی اس کارروائی میں 400 کے قریب مرد و خواتین کو حراست میں لیا گیا۔ حیرت کی بات یہ نہیں کہ یہ افراد مختلف علاقوں سے لائے گئے تھے، بلکہ یہ ہے کہ یہ سب کسی نہ کسی درجے پر آن لائن جرائم میں ملوث پائے گئے — جن میں شہریوں کے بینک اکاؤنٹس خالی کرنا، ای کامرس سائٹس ہیک کرنا، اور کاروباری اداروں سے بھتہ وصولی جیسے جرائم شامل ہیں۔
چھاپے کے دوران برآمد ہونے والا سامان ایسا تھا جو کسی بین الاقوامی جاسوسی فلم میں دکھایا جاتا ہے:
جدید ترین کمپیوٹرز، ایل سی ڈیز، ڈِیپ ویب سے جڑی ڈیوائسز، اور ہیکنگ کے ایسے آلات جو اکثر صرف بین الاقوامی نیٹ ورکس میں دیکھے جاتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق، مرد و خواتین کو علیحدہ علیحدہ تھانوں میں منتقل کر دیا گیا ہے — خواتین کو ویمن پولیس اسٹیشن جبکہ مردوں کو سائبر کرائم سیل اور مختلف تھانوں میں رکھا گیا ہے۔
تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے اور یہ محض آغاز ہے۔
سب سے سنگین پہلو یہ ہے کہ یہ نیٹ ورک مبینہ طور پر بین الاقوامی ہیکنگ گروپس سے منسلک ہو سکتا ہے۔ اگر یہ ثبوت درست نکلتے ہیں، تو یہ کیس پاکستان میں سائبر کرائم کی دنیا کا پہلا ایسا “پینڈورا باکس” ثابت ہو گا، جس سے نکلنے والے راز صرف فردِ واحد تک محدود نہیں رہیں گے۔
سوال یہ ہے کہ تحسین اعوان جیسے بااثر شخص کے ڈیرے پر اتنی بڑی کارروائی کیا محض اتفاق ہے؟ یا ریاست نے اب واقعی سائبر مافیا کو بے نقاب کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے؟
فیصل آباد، جو آج تک مزدوروں، صنعتوں اور ٹیکسٹائل کے حوالے سے جانا جاتا تھا، اب ڈیجیٹل جرائم کی آماجگاہ کے طور پر ابھر رہا ہے۔
یہ لمحہ فکریہ بھی ہے اور لمحۂ تحسین بھی — ادارے جاگے ہیں، مگر اصل جاگ عوام کو آنا ہو گی۔
یہ صرف ایک چھاپہ نہیں تھا، بلکہ آنے والے وقت کی کہانی کا پہلا صفحہ تھا۔

✍️ محمد حنیف شاہد ارائیں
آئینہ وقت