جھوٹ بولنا اسلام میں گناہ ہے — اور سچ بولنا پاکستان میں گناہ تحریر: محمّد حنیف شاہد آرائیں کالم: آئینہ وقت
جھوٹ بولنا اسلام میں گناہ ہے — اور سچ بولنا پاکستان میں گناہ
تحریر: محمّد حنیف شاہد آرائیں
کالم: آئینہ وقت
اسلام میں جھوٹ بولنا کبیرہ گناہوں میں شمار ہوتا ہے۔ قرآن و حدیث کی روشنی میں جھوٹ کا انجام رسوائی، لعنت اور جہنم ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: مسلمان سب کچھ ہو سکتا ہے، مگر جھوٹا نہیں ہو سکتا۔ جھوٹ کو نفاق کی علامت قرار دیا گیا ہے اور سچ کو نجات کی ضمانت۔ سچ وہ راستہ ہے جو انسان کو اللہ کے قریب کرتا ہے، جبکہ جھوٹ انسان کو تباہی کی طرف لے جاتا ہے۔
مگر افسوس کہ پاکستان میں معاملہ اس کے بالکل الٹ ہو چکا ہے۔ یہاں سچ بولنے والا سب سے بڑا مجرم بنا دیا جاتا ہے۔ جو سچ لکھے، سچ بولے، سچ دکھائے، اسے جیل، گالی، مقدمہ اور گمنامی نصیب ہوتی ہے۔ یہاں اگر کوئی صحافی سچ کی بات کرے تو اسے لفافہ نہیں بلکہ غدار قرار دے دیا جاتا ہے۔ سچائی کی راہ میں نہ صرف رکاوٹیں ہیں بلکہ موت کے سائے تک موجود ہیں۔
یہ کیسا المیہ ہے کہ دین ہمیں سچ بولنے کا حکم دے اور ریاست ہمیں سچ پر سزا دے۔ جو جھوٹ بولے، جھوٹا بیانیہ بیچے، جھوٹے وعدے کرے، وہ ترقی کرتا ہے، وزیر بنتا ہے، اینکر بنتا ہے، اور گلیوں بازاروں میں تمغے وصول کرتا ہے۔ جبکہ جو شخص سچ کا علم تھامے کھڑا ہو، وہ تنہا، مظلوم اور معتوب کر دیا جاتا ہے۔
یہ وہ معاشرہ ہے جہاں نفاق کو پالیسی، فریب کو دانش، اور مصلحت کو تدبیر کہا جاتا ہے۔ سچ بولنا یہاں عقل کی علامت نہیں بلکہ بےوقوفی کی علامت بن چکا ہے۔ مگر پھر بھی کچھ لوگ ایسے ہیں جو سچ بولتے ہیں، لکھتے ہیں، دکھاتے ہیں، کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ جھوٹ وقتی ہوتا ہے اور سچ دائمی۔ حق دیر سے سہی مگر غالب ہوتا ہے، کیونکہ یہ اللہ کی سنت ہے۔
آیئے ہم سچ بولنے والوں کا ساتھ دیں، جھوٹ کے نظام کو بے نقاب کریں، اور یہ ثابت کریں کہ ہم مسلمان بھی ہیں اور پاکستانی بھی، اور دونوں حیثیتوں میں سچائی ہماری پہچان ہونی چاہیے، جرم نہیں۔