November 18, 2026

اسلام آباد (راجہ نورالہی عاطف سے) انجمن ترقی پسند مصنفین اسلام آباد کے زیرِ انتظام اکادمی ادبیات پاکستان اسلام آباد میں معروف دانشور،

IMG-20250705-WA0189

اسلام آباد (راجہ نورالہی عاطف سے) انجمن ترقی پسند مصنفین اسلام آباد کے زیرِ انتظام اکادمی ادبیات پاکستان اسلام آباد میں معروف دانشور، صحافی اور مترجم نیئر خان کے مجید امجد، مصطفیٰ زیدی اور ن۔م۔راشد کے اردو کلام کو انگریزی زبان میں ترجمہ میں ڈھال کر ” مجید امجد، مصطفیٰ زیدی اور ن۔م۔راشد : تراجم کے آئینے میں” کے عنوان کی تقریب پذیرائی منعقد کی گئی۔ جس کی صدارت معروف علمی و ادبی شخصیت ناظر علی نے کی۔
نقیب محفل فہیم قریشی نے تقریب کا آغاز کرتے ہوئے متذکرہ ترجمہ پر اظہارِ خیال کیا۔ ان کے بعد باصلاحیت نوجوان اور نیئر خان کے صاحبزادے التمش خان آتش نے “مصنوعی ذہانت (AI) کا ترجمہ میں استعمال” کے موضوع پر پر مغز اور معلومات بھری گفتگو کر کے حاضرینِ محفل سے داد سمیٹی۔
اگلے مقرر نعیم احمد مرزا (عورت فاؤنڈیشن) نے مذکورہ ترجمہ کی کتاب اور مترجم نیئر خان کی شخصیت پر مختلف پہلوؤں اور حوالوں سے دلچسپ گفتگو کی اور باور کرایا کہ اس ترجمہ میں مترجم نے ایک ایک لفظ پر کئی کئی مرتبہ غور و فکر کرکے بڑی مہارت کے ساتھ اپنے ترجمے میں شامل کیا ہے۔ نعیم مرزا نے مترجم کی زندگی کے مختلف گوشوں پر سیر حاصل گفتگو کی ۔
مہمان مقرر پروفیسر ڈاکٹر عائشہ نازک راؤ ماہر شماریات نے اپنے خصوصی خطاب میں ترجمہ کی اہمیت اور اس کی مختلف جہتوں پر بڑی معلومات افزا اور مؤثر گفتگو کی۔
متذکرہ کتاب کے مصنف اور مترجم نیئر خان نے اپنی زندگی کے مختلف ادوار، دور صحافت اور ادب کے ساتھ اپنی گہری وابستگی اور خاص طور پر تینوں بڑے شعرائے کرام مجید امجد ، مصطفیٰ زیدی اور ن۔م۔راشد کی نمائندہ شاعری کے انتخاب اور پھر اس کے ترجمہ پر بڑی تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے عمدہ انتخاب پیش کیا۔
صاحبِ صدر ناظر علی نے آخر میں خطبہ صدارت دیتے ہوئے ” مجید امجد ، مصطفیٰ زیدی اور ن۔م۔راشد : تراجم کے آئینے میں” کے علاؤہ مترجم اور مہمان مقررین کے پیش کئے جانے والے مقالات کا بھرپور تنقیدی جائزہ لیا۔
فخر خوشاب پروفیسر خالد جیلانی ٹوانہ سمیت مختلف شعبہء زندگی سے تعلق رکھنے والے درجنوں خواتین و حضرات نے اس پروقار تقریب میں شرکت کی۔