رسمِ فوتگی میں کھانے کا رواج ایک سماجی بیماری
رسمِ فوتگی میں کھانے کا رواج ایک سماجی بیماری
ہماری معاشرتی روایات میں بعض ایسے رسم و رواج شامل ہو چکے ہیں، جنہوں نے انسانی ہمدردی اور سچے دکھ دردی جذبے کو پسِ پشت ڈال دیا ہے۔ انہی میں سے ایک فوتگی (جنازے) کے موقع پر کھانے کا رواج بھی ہے۔ یہ عمل نہ صرف غیر ضروری ہے بلکہ دکھ میں ڈوبے اہلِ خانہ کے لیے مزید بوجھ اور اذیت کا سبب بھی بنتا ہے۔
ایسے مواقع پر جب کوئی گھر دکھ اور صدمے کی حالت میں ہوتا ہے، تو اُن کے لیے چند لوگوں کا اکٹھا ہو کر تعزیت کرنا، حوصلہ دینا اور صبر کی تلقین کرنا تو سنت ہے، لیکن سینکڑوں افراد کا محض کھانے کی نیت سے وہاں بیٹھ جانا نہایت افسوسناک بات ہے۔ کئی لوگ تو کھانے کا انتظار کرتے ہیں اور بعض جگہوں پر کھانے کا مطالبہ تک کر بیٹھتے ہیں۔ وہ لوگ یہ نہیں سوچتے کہ جس گھر میں ابھی کسی کا سایہ اٹھا ہے، جہاں لوگ اپنی تکلیف اور صدمے سے دوچار ہیں، وہ کیسے 10 یا 20 افراد کے کھانے کا انتظام کر سکتے ہیں جبکہ کئی ایسے لوگ خود اپنے روزمرہ کھانے کے محتاج ہوتے ہیں۔
اگر کوئی مہمان دور دراز سے تعزیت کے لیے آئے ہیں اور واپسی کا وقت ہو تو ان کے لیے سادگی سے کھانے کا انتظام اخلاقاً اور روایتی مہمان نوازی کے تحت کیا جا سکتا ہے، مگر محلے اور قریبی افراد کا یوں جمگھٹا لگا کر صرف کھانے کی نیت سے بیٹھ جانا معاشرتی کمزوری اور اخلاقی تنزلی کی علامت ہے۔ یہ روایت اب ایک سماجی بیماری کی شکل اختیار کر چکی ہے، جسے ختم کرنا ضروری ہے
ہمیں چاہیئے کہ ہم ایسے مواقع پر مرحوم کے گھر والوں کے دُکھ میں سچے دل سے شریک ہوں، صبر اور دعا کی تلقین کریں۔ اصل ہمدردی یہ ہے کہ ان کی تکلیف کو بانٹا جائے، نہ کہ ان پر مزید مالی اور ذہنی دباؤ ڈال کر اُن کے دُکھ میں اضافہ کیا جائے۔
یہی وقت ہے کہ ہم اس بے معنی اور غیر ضروری رسم کو خیرباد کہیں اور اپنی سوسائٹی کو اخلاقی اور دینی اصولوں کے مطابق بہتر بنائیں۔ ہر انسان کو دوسرے کے حالات اور مجبوریوں کا خیال رکھنا چاہیئے، اور دکھ کے موقع پر شریکِ غم بن کر سچے جذبے کا اظہار کرنا چاہیئے، نہ کہ کھانے کے لیے جا کر مرحوم کے لواحقین کی آزمائش میں اضافہ کرنا۔
آئیے، ہم اس رسم کو ختم کرنے کا عہد کریں اور حقیقی سماجی شعور کا مظاہرہ کرتے ہوئے، دکھ کے موقع پر صرف تعزیت اور دعا کو اہمیت دیں۔