سرگودھا(راجہ نورالہی عاطف سے) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں خوشاب کی تحصیل نوشہرہ کی اوچھالی جھیل ایکو ٹورزم
سرگودھا(راجہ نورالہی عاطف سے) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں خوشاب کی تحصیل نوشہرہ کی اوچھالی جھیل ایکو ٹورزم منصوبے اور بیوٹیفکیشن پلان خوشاب کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وائلڈ لائف پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کی جانب سے وادی سون میں واقع اوچھالی جھیل کے ماحول دوست سیاحتی منصوبے پر بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر اس قدرتی مقام کو سیاحوں کے لیے پرکشش اور ماحولیاتی ہم آہنگ انداز میں سہولیات سے آراستہ کرنے کا منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے۔ منصوبے کے ابتدائی تخمینے، فنڈز کے اجراء اور کام کے آغاز سے متعلق تفصیلات بھی کمشنر کو پیش کی گئیں۔کمشنر جہانزیب اعوان نے منصوبے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ متعلقہ محکموں کے درمیان موثر رابطہ اور کوآرڈینیشن میں کسی قسم کی کمی نہیں ہونی چاہیے تاکہ منصوبے کو بروقت اور معیاری انداز میں مکمل کیا جا سکے۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر خوشاب فروا عامر نے وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے تحت شہری ترقی اور خوبصورتی کے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔انہوں نے خوشاب کے مرکزی بازار کو جدید طرز پر استوار کرنے، بجلی کے نظام کو انڈر گراؤنڈ کرنے اور دیگر ترقیاتی نکات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن رائے محمد یاسر بھٹی، اسسٹنٹ کمشنر نوشہرہ ثمینہ بشیر، اسسٹنٹ کمشنر جنرل، اسسٹنٹ کمشنر ریونیو اور پراجیکٹ ڈائریکٹر پی ایم یو صباء عادل نے شرکت کی۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر نے اوچھالی جھیل پراجیکٹ پر بھی مکمل بریفنگ دی۔