November 25, 2026

سکھر: کیڈٹ کالج پنو عاقل کے 61 ملازمین کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف توہین عدالت درخواست، عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا

Screenshot_2026-11-25_195606.475

سکھر: کیڈٹ کالج پنو عاقل کے 61 ملازمین کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف توہین عدالت درخواست، عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا

سکھر(۔ بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی) سندھ ہائی کورٹ بینچ سکھر نے محکمہ تعلیم میں ضم کیے گئے کیڈٹ کالج پنو عاقل کے 61 ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی سے متعلق توہین عدالت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ جسٹس عدنان اقبال چوہدری اور جسٹس علی حیدر دریشانی پر مشتمل آئینی بینچ نے درخواست گزاروں گلبہار کلوڑ، ذوالفقار جاگیرانی، مولا بخش مہر، ذوالفقار انڑ سمیت دیگر کی درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزاروں کے وکیل آچر گبول نے عدالت کو بتایا کہ ملازمین کو 2008 میں کیڈٹ کالج پنو عاقل میں جونیئر کلرک سمیت مختلف عہدوں پر بھرتی کیا گیا تھا، بعدازاں انہیں محکمہ تعلیم میں ضم کرکے مختلف کالجوں میں تعینات کیا گیا، جہاں انہیں 2013 تک تنخواہیں ادا کی جاتی رہیں، تاہم اس کے بعد تنخواہیں بند کردی گئیں۔

متاثرہ ملازمین نے پہلے سندھ ہائی کورٹ اور بعدازاں سپریم کورٹ آف پاکستان سے رجوع کیا، جہاں سپریم کورٹ ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کا حکم دے چکی ہے، اس کے باوجود محکمہ تعلیم کے متعلقہ افسران نے تنخواہیں جاری نہیں کیں۔

دوران سماعت عدالت نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل علی رضا بلوچ سے معاملے پر استفسار کیا، جس پر انہوں نے سیکریٹری کالجز اور محکمہ تعلیم کے متعلقہ افسران کے جوابات عدالت میں جمع کرائے۔ بعدازاں عدالت نے توہین عدالت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔