سکھر (بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی) کینسر کے موذی مرض اور آنتوں کی پیچیدہ بیماری میں مبتلا سندھی گلوکارہ بختاور نے سکھر پریس کلب میں پریس
سکھر (بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی) کینسر کے موذی مرض اور آنتوں کی پیچیدہ بیماری میں مبتلا سندھی گلوکارہ بختاور نے سکھر پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حکومت پاکستان، وزیراعلیٰ سندھ اور محکمہ ثقافت سے اپنے علاج کے لیے فوری مالی معاونت فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔اس موقع پر سندھی گلوکارہ بختاور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ سال 2017ء سے کینسر جیسے موذی مرض کے خلاف جنگ لڑ رہی ہیں۔ بیماری کی تشخیص کے بعد انہیں طویل اور تکلیف دہ علاج کے مختلف مراحل سے گزرنا پڑا، جن میں کیموتھراپی، مختلف لیبارٹری ٹیسٹ، ریڈی ایشن، سرجری اور دیگر طبی مراحل شامل ہیں۔ علاج کے دوران انہیں خون کی کمی اور وائٹ بلڈ سیلز میں کمی جیسے مسائل کا بھی سامنا کرنا پڑا، جس کے باعث ان کا علاج مسلسل جاری رہا۔انہوں نے بتایا کہ کینسر کے علاج پر اب تک ایک کروڑ روپے سے زائد رقم خرچ ہوچکی ہے، جس کے تمام تر ثبوت اور طبی ریکارڈ بھی ان کے پاس موجود ہیں۔ علاج کے اخراجات پورے کرنے کے لیے انہیں اپنا گھر تک فروخت کرنا پڑا، تاہم اس کے باوجود بیماری اور دیگر طبی پیچیدگیوں نے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے۔بختاور کا کہنا تھا کہ کینسر کے علاج کے بعد اب انہیں آنتوں کی سنگین بیماری کا سامنا ہے، جس کے باعث ان کے جسم میں کولوسٹومی بیگ (Colostomy Bag) لگایا گیا ہے۔ ڈاکٹروں نے انہیں آنتوں میں تنگی (اسٹرکچر) کی موجودگی سے بھی آگاہ کیا ہے، جس کے لیے مزید طبی معائنے اور ممکنہ آپریشن کی ضرورت ہے۔ تاہم وہ مالی وسائل نہ ہونے کے باعث آئندہ علاج اور آپریشن کے اخراجات برداشت کرنے سے قاصر ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ان کے والد کا انتقال ہوچکا ہے جبکہ ان کے شوہر بھی اس دنیا میں نہیں رہے، جس کے باعث وہ بیوہ اور شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ ایسے حالات میں بیماری کے طویل علاج اور بھاری اخراجات نے ان کی زندگی کو مزید دشوار بنا دیا ہے۔سندھی گلوکارہ بختاور نے وزیراعلیٰ سندھ، حکومت پاکستان اور بالخصوص محکمہ ثقافت سندھ کے حکام سے اپیل کی کہ ان کی فریاد پر ہمدردانہ غور کرتے ہوئے ان کے مکمل علاج، ضروری آپریشن اور طبی اخراجات کی ذمہ داری اٹھائی جائے تاکہ وہ اپنی زندگی کی جنگ لڑ سکیں۔انہوں نے مخیر حضرات، سماجی تنظیموں اور صاحبِ استطاعت افراد سے بھی اپیل کی کہ اس مشکل وقت میں ان کی مدد کے لیے آگے آئیں اور انہیں علاج کی سہولیات فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ طویل عرصے سے بیماری کے خلاف جدوجہد کر رہی ہیں اور اب حکومتی و عوامی تعاون ہی ان کے لیے امید کی آخری کرن ہے۔