میلسی (بیو رو چیف ) تھیلیسیما بلڈ بینک میلسی پر سنگین الزامات؛ تین مریضوں کی موت، ریکارڈ میں تبدیلی کا انکشاف
میلسی (بیو رو چیف )
تھیلیسیما بلڈ بینک میلسی پر سنگین الزامات؛ تین مریضوں کی موت، ریکارڈ میں تبدیلی کا انکشاف
میلسی کے نواحی علاقے موضع بوہڑ کے رہائشیوں الطاف حسین ولد خادم حسین ونجارہ اور یٰسین ولد عبدالرشید ونجارہ نے تھیلیسیما بلڈ بینک میلسی کی انتظامیہ پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلڈ بینک کی غفلت اور مبینہ بدانتظامی کے باعث تین مریضوں کی جانیں ضائع ہو گئیں۔
درخواست دہندگان نے سی ای او ہیلتھ وہاڑی، پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن اور دیگر متعلقہ اداروں کو تحریری شکایات ارسال کی ہیں جبکہ سوشل میڈیا پر بھی مختلف پوسٹس کے ذریعے معاملہ اجاگر کیا جا رہا ہے۔
درخواست دہندگان کے مطابق، ان کے بچوں اور عزیزوں جن میں 9 سالہ شاہزیب ولد الطاف، 28 سالہ اجمل ولد اقبال (تاریخ خون: 18 جون 2025) اور شکیل ولد جند وڈا (تاریخ خون: 20 جون 2025) شامل ہیں، کو تھیلیسیما بلڈ بینک میلسی سے خون فراہم کیا گیا۔ خون لگوانے کے فوراً بعد تینوں مریضوں کو شدید ری ایکشن ہوا، جس کے نتیجے میں وہ جانبر نہ ہو سکے۔
ورثاء کے مطابق جب انہوں نے بلڈ بینک انتظامیہ سے وضاحت طلب کی تو انتظامیہ نے ٹال مٹول سے کام لیا اور تسلی بخش جواب دینے سے گریز کیا۔ متاثرہ افراد نے مزید تحقیقات کیں تو انکشاف ہوا کہ مذکورہ ایام میں صرف ان تین افراد ہی نہیں بلکہ متعدد دیگر مریضوں کی بھی پراسرار اموات ہوئیں، جن کا ریکارڈ بعد ازاں بلڈ بینک کے رجسٹر سے غائب کر دیا گیا۔
شکایت کنندگان کا دعویٰ ہے کہ بلڈ بینک انتظامیہ خون عطیہ کرنے والوں کے ضروری ٹیسٹ کیے بغیر بلڈ حاصل کرتی ہے، مناسب اسٹوریج کے تقاضے پورے نہیں کیے جاتے، اور ٹرسٹی ادارہ ہونے کے باوجود مریضوں کے لواحقین سے مالی وصولیاں کی جاتی ہیں۔ اس کے علاوہ جمع شدہ فنڈز میں مبینہ خوردبرد کا بھی انکشاف کیا گیا ہے۔
الزامات کے مطابق، جب لواحقین نے دوبارہ سوالات اٹھائے تو بلڈ بینک کا ریکارڈ رجسٹر ہی تبدیل کر دیا گیا اور ابتدائی رجسٹر میں درج کئی مریضوں کے نام نئے رجسٹر میں شامل ہی نہیں کیے گئے۔
متاثرین نے مطالبہ کیا ہے کہ تھیلیسیما بلڈ بینک میلسی کی انتظامیہ کے خلاف جامع انکوائری کی جائے، تاکہ غفلت، بدعنوانی اور مبینہ مجرمانہ غفلت کا تعین ہو سکے۔
اس حوالے سے جب بلڈ بینک انتظامیہ سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ:
“یہ تمام الزامات بے بنیاد ہیں۔ ہم انسانیت کی خدمت کے جذبے کے تحت کام کر رہے ہیں، مستحق مریضوں کو مفت خون فراہم کرتے ہیں، اور ہمیشہ مریضوں کی جان بچانے کو اولین ترجیح دی ہے۔ یہ مہم صرف کردار کشی کی کوشش ہے۔”
ادھر شہریوں اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ اس معاملے کی غیر جانبدار اور شفاف تحقیقات عمل میں لائی جائیں تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔