جسے شوق ہے علی امین کیخلاف تحریک عدم اعتماد لے آئے، کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔بیرسٹر گوہر
جسے شوق ہے علی امین کیخلاف تحریک عدم اعتماد لے آئے، کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔بیرسٹر گوہر
خیبرپختونخوا کے ایم پی اے کسی پارٹی میں نہیں جائیں گے، پی ٹی آئی کے صوبائی صدر جنید اکبر خان کے کچھ بیانات نامناسب ہیں۔چیئرمین پی ٹی آئی
اسلام آباد(نمائندہ کنول رباب) گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ میرا بطور چیئرمین انتخاب عمران خان کی چوائس ہے، کچھ لوگ اس فیصلے کو تبدیل کرانے گئے تھے لیکن انہوں نے انکار کردیا تھا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھاکہ مخصوص نشستوں کے سپریم کورٹ کے فیصلے سے بڑی مایوسی ہوئی، ہماری جیتی ہوئی نشستیں بانٹی گئیں، یہ غلط ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے ایم پی اے کسی پارٹی میں نہیں جائیں گے، علی امین کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب نہیں ہوگی، ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، جسے شوق ہے وہ علی امین کے خلاف تحریک عدم اعتماد لے آئے۔ان کا کہنا تھاکہ پی ٹی آئی کے صوبائی صدر جنید اکبر خان کے کچھ بیانات نامناسب ہیں، پارٹی میں اختلافات ہوجاتے ہیں لیکن اختلافات باہر نہیں آنا چاہئیں، جتنے علی امین ہمارے لیے معتبر ہیں اتنے ہی جنید اکبر بھی ہیں۔بیرسٹر گوہر کا کہنا تھاکہ میرا بطور چیئرمین انتخاب بانی پی ٹی آئی کی چوائس ہے، کچھ لوگ اس فیصلے کو تبدیل کرانے گئے تھے لیکن بانی پی ٹی آئی نے انکار کردیا۔ان کا مزید کہنا تھاکہ عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہیں مل رہی تھی، بجٹ مشروط پاس کیا، بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے کارکنوں کا بہت دباؤ ہے، ہم ان کی رہائی کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھا رہے ہیں۔