محرم الحرام کے پیش نظر سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ
محرم الحرام کے پیش نظر سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ
کمشنر بہاولپور ڈویژن، آر پی او، ڈی سی و ڈی پی او بہاول نگر کا جلوس روٹس اور بارگاہوں کا دورہ
بہاولنگر () محرم الحرام کے موقع پر عوامی تحفظ اور سیکیورٹی انتظامات کو مؤثر بنانے کے لیے کمشنر بہاولپور ڈویژن مسرت جبیں، آر پی او بہاولپور رائے بابر سعید، ڈپٹی کمشنر بہاول نگر ذوالفقار احمد بھون اور ڈی پی او کامران اصغر نے متعلقہ محکموں اور سیکیورٹی اداروں کے افسران کے ہمراہ بہاول نگر شہر میں محرم الحرام کے مرکزی جلوسوں کے روٹس، بارگاہوں، مجالس گاہوں اور مختلف اہم مقامات کا تفصیلی دورہ کیا۔
اس موقع پر افسران کو سیکیورٹی، صفائی، روشنی، واٹر سپلائی، میڈیکل کیمپ، ٹریفک مینجمنٹ اور CCTV کی تنصیب سے متعلق جاری تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔ جلوسوں کے راستوں کی نگرانی، داخلی و خارجی راستوں کی حفاظت اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے ریسکیو پلان پر بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
کمشنر مسرت جبیں نے ہدایت کی کہ تمام ادارے باہمی مشاورت سے ذمہ داریاں نبھائیں اور کسی بھی کوتاہی کی گنجائش نہ چھوڑی جائے۔ آر پی او رائے بابر سعید نے کہا کہ پولیس فورس ہائی الرٹ ہے اور عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون اور ڈی پی او کامران اصغر نے موقع پر موجود افسران کو ہدایات دیں کہ جلوسوں کے دوران فول پروف سیکیورٹی، سہولیات کی فراہمی اور بین المسالک ہم آہنگی کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے۔