November 16, 2026

سکھر(بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی ) ڈپٹی کمشنر سکھر ڈاکٹر ایم بی راجا دھاریجو کی زیر صدارت محکمہ صحت کی جانب سے

IMG-20250625-WA0116

سکھر(بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی )
ڈپٹی کمشنر سکھر ڈاکٹر ایم بی راجا دھاریجو کی زیر صدارت محکمہ صحت کی جانب سے ستمبر کے مہینے میں شروع ہونے والی سروائیکل کینسر اور ایچ پی وی ویکسینیشن سے متعلق آگاہی مہم کی تیاریوں پر ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر سکھر نے کہا کہ آگاہی مہم کا مقصد 9 سے 14 سال کی عمر کی لڑکیوں کو خطرناک بیماریوں سے بچاؤ، ویکسینیشن اور علاج سے متعلق ضروری معلومات فراہم کرنا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے زور دیا کہ ویکسینیٹرز کے علاوه صحت سے وابستہ دیگر عملے کو تربیت دے کر اس مہم کے لیے مقرر کیا جائے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ ویکسینیشن کے حوالے سے ایک تفصیلی ویڈیو تیار کر کے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ شیئر کی جائے تاکہ آگاہی کا عمل زیادہ مؤثر بنایا جا سکے۔ڈاکٹر ایم بی راجا دھاریجو نے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ مہم کو کامیاب بنانے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔
اجلاس کے دوران ڈاکٹر نور سومرو نے سروائیکل کینسر اور ایچ پی وی ویکسینیشن کے حوالے سے تفصیلی تعارفی بریفنگ دی۔ بریفنگ کے مطابق 12 دنوں پر مشتمل یہ آگاہی مہم 15 ستمبر سے 27 ستمبر 2025 تک جاری رہے گی، جو کہ سکھر کی 5 تحصیلوں کی 46 یوسیز میں چلائی جائے گی۔ پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس کی رپورٹ کے مطابق ملک میں 15 سال یا اس سے زائد عمر کی تقریباً 69 ملین خواتین سروائیکل کینسر کے خطرے سے دوچار ہیں۔ ان کے مطابق ہر سال 5,008 خواتین میں اس بیماری کی تشخیص ہوتی ہے جبکہ 3,197 خواتین اس مرض کی وجہ سے جان کی بازی ہار جاتی ہیں۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق، سروائیکل کینسر کو 15 سال کی عمر تک کی لڑکیوں کو ایچ پی وی ویکسین لگانے، خواتین کی اسکریننگ کرانے اور متاثرہ خواتین کو علاج کی سہولت دینے سے ختم کیا جا سکتا ہے۔