November 16, 2026

آئینہ وقت کالم نگار: محمد حنیف شاہد ارائیں اے ایران! تیری جرات کو سلام

20250623_215246

آئینہ وقت
کالم نگار: محمد حنیف شاہد ارائیں

اے ایران! تیری جرات کو سلام

اے ایران! تیری جرات، تیری غیرت، تیری خودداری، تیری عظمت، تیری بہادری اور تیرے حوصلے کو سلام۔
تو نے وہ کام کر دکھایا جو امت مسلمہ کے ستاون اسلامی ممالک کی مشترکہ فوجیں بھی نہ کر سکیں۔
تو نے یہ بات دنیا کو دکھا دی کہ اگر دل میں ایمان ہو، اگر غیرت جاگ رہی ہو، اگر سینے میں محمد عربیﷺ کی محبت ہو،
تو نہ ایٹمی طاقتیں کچھ بگاڑ سکتی ہیں، نہ بارود کی بارش روک سکتی ہے، نہ جنگی طیارے جھکا سکتے ہیں۔
تو اکیلا نہیں تھا، تیرے ساتھ کربلا کی سرزمین تھی،
حسینؑ کی قربانی کی خوشبو تیرے دامن میں ہے،
تیرے لبوں پر “لا الہ الا اللہ” کا اعلان ہے،
اور تیری آنکھوں میں دشمنانِ اسلام کے غرور کو توڑنے کا عزم ہے۔
جب امت مسلمہ کے ستاون اسلامی ممالک کی فوجیں نیٹو کی خوشامد میں مصروف ہیں،
جب OIC خاموش تماشائی بنی بیٹھی ہے،
جب بعض مسلم حکمران طاغوت کے در پر سجدہ ریز ہیں،
تب تو نے میدان میں آ کر اپنے عمل سے اسلام کے اصل چہرے کو دکھا دیا۔

اے ایران!
تو نے صرف ایک ملک کی عزت نہیں بچائی،
تو نے پوری امت کے لاشعور کو جھنجھوڑا ہے۔
تو نے ہمیں یاد دلایا ہے کہ غیرت ایمان کا حصہ ہے،
اور عزت مانگنے سے نہیں، لڑ کر حاصل کی جاتی ہے۔

ہمیں اختلاف ہو سکتا ہے تمہارے مسلک سے، تمہاری سیاست سے،
لیکن آج کے دن تمہاری دلیری پر، تمہاری خودمختاری پر، تمہاری استقلال پر
ہر سچا مسلمان، ہر دردمند دل،
تمہیں سجدۂ تحسین پیش کرتا ہے۔

اے ایران!
تو وہ چراغ ہے جس نے ظلمت کے اندھیروں میں روشنی کی ایک لکیر کھینچی ہے۔
اے کاش امت کے باقی ممالک بھی اس روشنی سے اپنا راستہ چن لیں۔
اور وہ دن جلد آئے،
جب ستاون اسلامی ممالک کی فوجیں بیت المقدس کی طرف ایک صف میں کھڑی ہوں،
اور کسی طاغوت کی مجال نہ ہو کہ مسلمانوں کی طرف میلی آنکھ سے دیکھے۔

سلام ہو تجھ پر اے ایران!

**کالم نگار: محمد حنیف شاہد ارائیں