November 16, 2026

*سفر میں نماز قصر اور جمع بین کے مسائل* اتوار 22 جون 2025 تلخیص: انجینیئر نذیر ملک سرگودھا

20250620_200527

*سفر میں نماز قصر اور جمع بین کے مسائل*

اتوار 22 جون 2025
تلخیص:
انجینیئر نذیر ملک سرگودھا

*حضرات توجہ فرمائیں*
نماز قصر و جمع بین کے مسائل کو آسان فہم زبان میں یکجا کیا گیا ہے پھر بھی اگر کوئی مسئلہ سمجھ میں نہ آئے تو کمنٹس دینے سے اجتناب کریں اور مجھ سے موبائل نمبر 03008604333 پر رابطہ فرمائیں۔ عین نوازش ہو گی۔

مذید برآں مناسب ہو گا کہ اس پوسٹ کو مستقبل کے حوالے کے لئے اپنے پاس محفوظ فرما لیں۔ تاکہ سند رہے اور بوقت ضرورت کام آئے۔
اللہ تعالی عمل کی توفیق عطا فرمائے۔
آمین یارب العالمین۔

*سفر میں نماز قصر اور جمع بین کے مسائل*

مسئلہ نمبر 364
*سفر میں نماز قصر ادا کرنی چاہئے ۔*

حضرت یعلی بن امیہ رضی اللہ تعالی عنہ کہتے ہیں میں نے حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ تعالی عنہ سے عرض کیا کہ اللہ تعالی کا حکم ہے کہ اگر تمہیں کافروں کی طرف سے فتنہ کا خوف ہو تو نماز قصر ادا کرنے میں کوئی حرج نہیں لیکن اب تو زمانہ امن ہے لہذا قصر کا جواز ختم ہو گیا۔ حضرت عمر رضی اللہ تعالی عنہ کہنےلگے جس بات پر تمہیں تعجب ہوا ہے مجھے بھی تعجب ہوا تھا لہذا میں نے رسول اکرم صلی اللّٰہ علیہ والہ وسلم سے پوچھا تو آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا قصر کی رعایت اللہ کی طرف سے تم لوگوں پر صدقہ ہے لہذا اللہ تعالی کا صدقہ قبول کرو۔ (اسے مسلم نے روایت کیا ہے۔)

مسئله نمبر 365
*طویل سفر در پیش ہو تو شہر سے نکلنے کے بعد قصر شروع کی جا سکتی ہے۔*

حضرت انس رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کے ساتھ مدینہ میں نماز ظہر چار رکعت اور نماز عصر ذوالحلیفہ میں دو رکعت ادا کی ۔ اسے بخاری اور مسلم نے روایت کیا ہے۔

وضاحت :
“ذو الحلیفہ مدینہ منورہ سے چند میل کے فاصلہ پر ہے۔

مسئلہ نمبر 366
رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے قصر کے لئے قطعی مسافت مقر ر نہیں فرمائی صحابہ کرام سے 36،9، 38 ،40 ،42 ،45 اور ،48 میل کی مختلف روایات منقول ہیں۔

مسئلہ نمبر 367
*امام ابو حنیفہ رحمہ اللہ کے نزدیک 48 میل کے سفر پر انسان مسافر مانا جاتا ہے*

حضرت انس رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم تین میل یا تین فرسخ (9) میل سفر کرتے تو نماز قصر ادا فرماتے۔ میل یا فرسخ کا شک یحیی کے شاگرد شعبہ کو ہے۔ (اسے احمد، مسلم اور ابوداؤد نے روایت کیا ہے۔)

حضرت حارثہ بن وہب رضی اللہ تعالی عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے ہمیں امن کے زمانہ میں نماز قصر پڑھائی ۔ اسے بخاری نے روایت کیا ہے۔

حضرت عبد الله بن عمر اور عبد الله بن عباس رضی اللہ تعالی عنہم نےچار برد
(اڑ تالیس میل) پر قصر کرتے اور روزہ بھی ترک فرما دیتے ۔ اسے حافظ ابن حجر نے فتح الباری میں نقل کیا ہے۔

*انسان مسافر کب ہوگا*
_______________________
*اگر سفر کا ارادہ ہو تو 48 میل سفر پر جبکہ 15 یوم سے کم وہاں رکنے کا ارادہ ہو تو مسافر مانا جائے گا اور اسے مسافر کی مندرجہ ذیل سہولیات میسر ہو جائیں گی*

1- نماز قصر و جمع بین کر سکتا ہے
2- روزہ چھوڑنے اور افطار کا حق حاصل ہو جاتا ہے
3- ضرورت پڑنے پر زکواہ سفری ضرورت کے مطابق لے سکتا ہے چاہے یہ اپنے گھر پر صاحب نصاب ہو۔

یاد رہے کہ اس مدت کے بعد اگر ارادہ بدل گیا تو مذید 15 دن تک یہی سہولیات لے سکتا ہے۔ الہذا قیاس۔۔۔۔

مسئلہ نمبر 368
*قصر کے لئے قطعی مدت رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے مقرر نہیں فرمائی۔*
صحابہ کرام رضی اللہ تعالی عنہم سے 15 اور 19 یوم کی روایات منقول ہیں۔
واللہ اعلم بالصواب۔

مسئلہ نمبر 368
*فتح مکہ کے موقع پر آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے 19 یوم مکہ میں قیام کیا تھا (بحوالہ الرحیق المختوم)*

مسئله نمبر370
*پندرہ (15) دن سے زیادہ عرصہ قیام کا مصمم ارادہ ہو تو پوری نماز ادا کرنی چاہئے*

حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ تعالی عنہ فرماتے ہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے اپنے سفر کے دوران( ایک ہی جگہ) 19 دن قیام فرمایا، تو نماز قصر ادا فرمائیں، لہذا ہم جب انیس یوم ٹھہرتے، تو قصر نماز ادا کرتے۔

لیکن جب 19 دن سے زیادہ قیام کرنا ہوتا تو پوری نماز ادا کرتے ہیں ۔ اسے بخاری نے روایت کیا ہے۔

مسئلہ نمبر371
*سفر کی حالت میں ظہر اور عصر یا مغرب اور عشاء کی نمازیں جمع کرنی جائز ہیں۔*

مسئلہ نمبر 372
*ظہر کے وقت سفر شروع کرنا ہو، تو ظہر اور عصر کی نمازیں ظہر کے وقت اکٹھی کی جاسکتی ہیں (اسے تقدیم کہتے ہیں) اور اگر ظہر کے بعد سفر شروع کرنا ہو تو عصر کے وقت دونوں نمازیں اگلے پڑاو پر اکٹھی پڑھنی جائز ہیں(اسے موخر کہتے ہیں)، اسی طرح مغرب اور عشاء کی نمازیں اکٹھی(تقدیم یا موخر) کی جا سکتی ہیں۔*

حضرت معاذ بن جبل رضی اللہ تعالی عنہ فرماتے ہیں کہ غزوہ تبوک کے موقع پر اگر سفر شروع کرنے سے پہلے سورج ڈھل جاتا تو نبی اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم یہ نماز ظہر اور عصر (اس وقت) جمع فرما لیتے اگر سورج ڈھلنے سے پہلے سفر کا ارادہ ہوتا تو نماز ظہر مؤخر کر کے نماز عصر کے وقت دونوں نمازیں ادا فر ما لیتے اسی طرح نماز مغرب اور عشاء میں جمع بین فرماتے یعنی اگر سفر شروع کرنے سے پہلے سورج غروب ہو جاتا تو مغرب اور عشاء (اس وقت) جمع فرما لیتے ، اگر سورج غروب ہونے سے پہلے سفر شروع فرماتے تو نماز مغرب مؤخر کر کے عشاء کے وقت دونوں جمع فرما لیتے ۔ اسے ابوداؤ اور ترمذی نے روایت کیا۔

مسئلہ نمبر 373
*دو نمازیں باجماعت جمع کرنے کا مسنون طریقہ یہ ہے۔*

حضرت جابر رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم مزدلفہ تشریف لائے تو ایک اذان اور دو اقامت سے نماز مغرب اور نماز عشاء جمع کیں اور دونوں نمازوں کے درمیان کوئی سنتیں نہیں پڑھیں ۔ اسے احمد مسلم اور نسائی نے روایت کیا۔

مسئلہ نمبر 374
*نماز قصر میں فجر ، ظہر ، عصر ، اور عشاء کی دو دو فرض اور مغرب کے تین فرض شامل ہیں۔*

*نماز قصر اور جمع بین کے اہم نقاط*
ا- سفر میں نمازیں قصر کرنا ضروری ہیں کیونک یہ اللہ تعالی کا تم پر صدقہ ہے اور اگر قصر نہ کریں گے تو اللہ تعالی ناراض ہوگا۔

2- نماز جمع بین کرنا آپ کا صوابدیدی اختیار ہے۔

3- نماز فجر کسی بھی نماز کے ساتھ جمع بین نہیں ہوگی۔

4- نماز ظہر اور نماز عصر جمع بیں و قصر کر سکتے ہیں۔

5- اسی طرح نماز مغرب اور نماز عشاء جمع بین و قصر پڑھ سکتے ہیں۔

6- با جماعت نماز امام جتنی پڑھائے اتنی ہی پڑھنی ہوگی چاہے آپ مسافر ہوں یا مقیم۔

7- پانچوں نمازیں جمع بین کرنا جائز نہیں۔

*الدعاء*
یا اللہ تعالی ہمیں محمد الرسول اللہ صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کےطریقے پر نماز اور اسوہ حسنہ کے مطابق زندگی بسر کرنے کی توفیق عطا فرماء
آمین یا رب العالمین

مسئلہ نمبر 375
*مسافر مقیم کی امامت کرا سکتا ہے۔*

مسئلہ نمبر 376
*مسافر امام کو نماز قصر ادا کرنی چاہئے لیکن مقیم مقتدی کو بعد میں اپنی نماز پوری کر لینی چاہیئے۔*

*مسافر امام سلام پھیرنے کے بعد اپنے مسافر ہونے کا اعلان کرے گا کہ لوگو میں مسافر ہوں مقیم حضرات اپنی اپنی نماز کھڑے ہو کر پوری کر لیں*

حضرت عمران بن حصین رضی اللہ تعالی عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے ہر سفر میں گھر واپس آنے تک ہمیشہ نماز قصر ادا فرمائیں۔ فتح مکہ کے موقع پر حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم 19 دن مکہ میں ٹھہرے رہے اور نماز مغرب کے سوا لوگوں کو دو دو رکعتیں پڑھاتے رہے اور خود (سلام پھیرنے کے بعد) لوگوں سے فرما دیتے مکہ والوا اٹھ کر اپنی نماز پوری کر لو ہم مسافر ہیں۔ اسےاحمد نے روایت کیا ہے۔
*نوٹ*
*صاحب الرحیق المختوم نے فتح مکہ کا قیام 19 دن لکھا ہے*

مسئلہ نمبر 377
*سفر میں وتر بھی ادا کرنے چاہئیں۔*

مسئلہ نمبر 378
سفینہ، بحری جہاز ، ہوائی جہاز، ریل گاڑی وغیرہ میں فرض نماز ادا کی جا سکتی ہیں۔

مسئلہ نمبر379
*کوئی خطرہ نہ ہو تو سواری پر کھڑے ہو کر فرض نماز ادا کرنی چاہئے ورنہ بیٹھ کر پڑھی جا سکتی ہے۔*

حضرت عبداللہ بن عمر رضی کہتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ سے سفینہ میں نماز پڑھنے کے بارے سوال کیا گیا تو آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا اگر ڈوبنے کا خطرہ نہ ہو تو کھڑے ہوکر نماز ادا کرو۔ اسے ہزار اور
دار قطنی نے روایت کیا ہے۔

مسئلہ نمبر 380
*سنتیں اور نوافل سواری پر بیٹھ کر ادا کئے جاسکتے ہیں۔*

مسئلہ نمبر 381
*نماز شروع کرنے سے پہلے سواری کا رخ قبلہ کی طرف کر لینا چاہئے۔بعد میں سواری کا رخ خواہ کسی طرف ہو جائے۔*

مسئلہ نمبر 382
*دوران سفر اگر سواری کا رخ قبلہ کی طرف کرنا ممکن نہ ہو تو جس رخ پر ہو، اسی رخ پر نماز ادا کر لینی چاہئے۔*

حضرت انس بن مالک رضی اللہ تعالی عنہ کہتے ہیں جب رسول اللہ ﷺ سواری پر نفل پڑھنے کا ارادہ فرماتے تو اسے قبلہ رخ کر کے نیت باندھ لیتے پھر سواری جدھر جاتی اسے جانے دیتے اور نماز پڑھ لیتے ۔ اسے احمد اور ابو داؤد نے روایت کیا ہے۔

مسئلہ نمبر 383
*سفر میں دو آدمی بھی ہوں، تو انہیں اذان کہہ کرباجماعت نماز ادا کرنی چاہئے۔*

حضرت مالک بن حویرث رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ دو آدمی جو سفر پر جانے کا ارادہ رکھتے تھے رسول اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم عوام کی خدمت میں حاضر ہوئے ، آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے انھیں فرمایا ” جب تم دونوں سفر کے لئے نکلو تو نماز کے وقت اذان کہنا پھر اقامت کہنا اور پھر تم دونوں میں سے جو بڑا ہو وہ امامت کرائے ۔ اسے بخاری نے روایت کیا ہے۔

مسئلہ نمبر384
*سفر میں سنتیں اور نوافل نہیں پڑھے جائیں گے چونکہ اللہ تعالی نے مسافر کے لئے اپنے فرض آدھے کر دیئے گئے ہیں اسی لئے مسافر کی نماز کو نماز قصر کہتے ہیں*

حضرت حفص رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ تعالی عنہ منی میں نماز قصر ادا کرتے اور اپنے بستر پر آجاتے حضرت حفص رضی اللہ تعالی عنہ نے کہا ” چچا جان! اگر آپ نماز قصر کے بعد دو رکعت ( سنت ) ادافرما لیتے تو کتنا اچھا ہوتا ؟ عبداللہ بن عمر رضی اللہ تعالی عنہ نے فرمایا اگر مجھے سنتیں ادا کرنا ہوتیں تو میں فرض پورے کرتا۔ (رواہ مسلم)

مسئلہ نمبر 385
*مسافر مقتدی کو مقیم امام کے پیچھے پوری نماز ادا کرنی چاہئے۔*

حضرت نافع رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ عبداللہ بن عمر رضی اللہ تعالی عنہ مکہ مکرمہ میں دس رات ٹھہرے اور قصر نماز ادا کرتے رہے۔ مگر جب امام کے پیچھے پڑھتے تو پوری نماز پڑھتے۔ (اسے مالک نے روایت کیا ہے)

*حضرات توجہ فرمائیں*
نماز قصر و جمع بین کے مسائل کو آسان فہم زبان میں تحریر کیا گیا ہے پھر بھی اگر کوئی مسئلہ سمجھ میں نہ آئے تو کمنٹس دینے سے اجتناب کریں اور مجھ سے موبائل نمبر 03008604333 پر رابطہ فرمائیں۔ عین نوازش ہو گی۔

*الدعا:*
یا اللہ تعالی ہمیں پکا نمازی بنا دے اور دین کا علم عطا فرماء

آمین یا رب العالمین۔

Please visit us at www.nazirmalik.com Cell 0092300860 4333