November 16, 2026

خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے کہا ہے

IMG-20250621-WA0187

خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام، مذہبی ہم آہنگی، سیکیورٹی، صفائی اور بلدیاتی سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ وہ ڈپٹی کمشنر دفتر خوشاب کے کانفرنس ہال میں محرم الحرام کے حوالے سے سیکیورٹی و انتظامی امور پر منعقدہ اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں ریجنل پولیس آفیسر سرگودہا شہزاد آصف خان، ڈپٹی کمشنر خوشاب فروہ عامر، ڈی پی او خوشاب توقیر محمد نعیم، اے ڈی سی جی، اے ڈی سی آر، اسسٹنٹ کمشنرز، سی او بلدیہ، ایکسین پبلک ہیلتھ، سی ای او ہیلتھ، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس، فائر بریگیڈ، اور دیگر اداروں کے افسران شریک تھے۔ کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جلوسوں اور مجالس کے منتظمین سے مسلسل رابطہ رکھا جائے، ضابطہ اخلاق پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور ضلعی امن کمیٹیاں مکمل طور پر فعال ہوں۔ انہوں نے سیکیورٹی اداروں کو ہدایت کی کہ جلوسوں کے تمام راستوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں، واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈیٹیکٹر کے ذریعے چیکنگ کو یقینی بنایا جائے اور کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے بم ڈسپوزل اسکواڈ، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس، اور فائر بریگیڈ کو الرٹ رکھا جائے۔ کمشنر نے صفائی، روشنی، پیچ ورک اور نکاسی آب کے خصوصی انتظامات کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ جلوسوں کے روایتی راستوں کے ساتھ ساتھ متبادل راستوں پر بھی صفائی و سیکیورٹی کا یکساں معیار یقینی بنایا جائے۔ آر پی او سرگودہا شہزاد آصف خان نے سیکیورٹی پلان بارے بتایا کہ حساس مقامات کی نشاندہی مکمل کر لی گئی ہے اور اضافی نفری تعینات کی جا رہی ہے۔ پولیس، سپیشل برانچ، لیڈیز پولیس، اور دیگر ادارے مربوط حکمت عملی کے تحت فیلڈ میں موجود رہیں گے۔ ڈپٹی کمشنر خوشاب فروہ عامر نے اجلاس کو بتایا کہ ضلعی سطح پر تمام انتظامات مکمل کیے جا رہے ہیں، علماء کرام اور جلوس منتظمین کے ساتھ مسلسل مشاورت جاری ہے اور تمام ادارے متحرک انداز میں فرائض انجام دے رہے ہیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ محرم الحرام کے دوران امن، تحفظ اور صفائی کے مثالی انتظامات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور تمام افسران فیلڈ میں رہ کر براہ راست مانیٹرنگ کریں گے۔