غیر متوقع سفارتی پیشرفت میں ٹرمپ اور جنرل سید عاصم منیر کے درمیان ملاقات آج
غیر متوقع سفارتی پیشرفت میں ٹرمپ اور جنرل سید عاصم منیر کے درمیان ملاقات آج
پاکستانی فوج کے سربراہ امریکہ کے دورے پر ہیں، جہاں ایک غیر متوقع سفارتی پیشرفت میں ٹرمپ نے انہیں لنچ پر مدعو کیا ہے۔ صدر ٹرمپ سے ان کی ملاقات کیبنٹ روم میں ہو گی اور پریس کو وہاں جانے کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔
پاکستانی فوج کے سربراہ اتوار کے روز امریکہ کے پانچ روزہ سرکاری دورے پر واشنگٹن پہنچے تھے اور وہاں ان کی مختلف مصروفیات کے تذکرے تھے، تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کا کوئی ذکر نہیں تھا، اسی لیے اسے ایک غیر متوقع سفارتی پیش رفت کہا جا رہا ہے۔
اس ماہ کے اوائل میں ایک بھارتی وفد نے واشنگٹن میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس سے ملاقات کی تھی، جسے بھارتی میڈیا نے بڑی سفارتی کامیابی کے طور پر پیش کیا تھا، جبکہ اس کے برعکس پاکستانی وفد کو اس طرح کی ملاقات کا موقع نہ ملنے پر اسے بظاہر ناکامی کے طور پر پیش کیا گیا تھا۔