November 16, 2026

*آئینہ وقت کالم نگار: محمد حنیف شاہد ارائیں*

20250618_110242

*آئینہ وقت
کالم نگار: محمد حنیف شاہد ارائیں*

جنگیں، جرنیل اور جمہوریت کا قتل
جب بھی دنیا کے کسی کونے میں بڑی جنگ کی آہٹ سنائی دیتی ہے، تو پاکستان میں جمہوریت کی سانسیں اکھڑنے لگتی ہیں۔ جمہور حکومتوں کو ہٹا کر جرنیلی بوٹوں کی چاپ سنائی دینے لگتی ہے۔ اس کھیل کے پیچھے صرف داخلی عوامل نہیں ہوتے بلکہ بیرونی طاقتوں کی مہارت اور مفادات بھی پوری قوت سے متحرک ہوتے ہیں۔
امریکہ نے ہمیشہ پاکستان کی جغرافیائی اہمیت کو اپنی جنگی پالیسیوں کے لیے استعمال کیا۔ اور جب کبھی اسے خطے میں جنگی مہم جوئی کرنی ہو، تو اسلام آباد میں ایک “فرمانبردار” جنرل کی موجودگی یقینی بنائی جاتی ہے۔ جنرل جس کا دروازہ ہر وقت امریکی سفیر کے لیے کھلا ہو اور جس کے دل میں عوام سے زیادہ واشنگٹن کی خواہشات بستی ہوں۔
سن 1977ء میں جب جنرل ضیاء الحق نے منتخب وزیرِاعظم ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت کا تختہ الٹا، تو بظاہر یہ ایک داخلی فوجی بغاوت تھی، مگر جلد ہی اس بغاوت کو بین الاقوامی سندِ قبولیت مل گئی۔ اور جب 1979ء میں روس نے افغانستان پر حملہ کیا، تو ضیاء امریکا کے لیے “فرنٹ لائن اتحادی” بن چکے تھے۔ پاکستان امریکی اسلحہ، ڈالر، اور انٹیلی جنس کا مرکز بن گیا۔ افغان مجاہدین کو پاکستان کے ذریعے طاقت بخشی گئی اور یوں ایک جنرل کی آمریت، جمہوریت سے زیادہ “کارآمد” ثابت ہوئی۔
یہی منظرنامہ دو دہائیاں بعد پھر دہرایا گیا۔ سن 1999ء میں جنرل پرویز مشرف نے نواز شریف کی حکومت کو برطرف کیا۔ شروع میں دنیا نے مشرف سے فاصلہ رکھا، لیکن جیسے ہی نائن الیون کا واقعہ ہوا، امریکا کو ایک بار پھر ایک “مطمئن” اتحادی کی تلاش ہوئی۔ جنرل مشرف نے ہر امریکی مطالبہ سر جھکا کر قبول کیا۔ لاجسٹک سپورٹ، اڈے، انٹیلی جنس، اور قیدیوں کی حوالگی—سب کچھ بغیر کسی مزاحمت کے فراہم کیا گیا۔ بدلے میں امریکا نے مشرف کو سفارتی تحفظ، امداد، اور فوجی تعاون سے نوازا۔
ان دونوں مثالوں سے ایک تلخ حقیقت عیاں ہے کہ امریکا جب بھی جنگی تیاری کرتا ہے، تو پاکستان میں جمہوریت اس کی راہ میں رکاوٹ محسوس ہوتی ہے۔ اسے آمریت زیادہ سہل، تیز اور قابلِ بھروسہ لگتی ہے۔ کیونکہ وہاں فیصلے ایک ٹیلیفون کال پر ہو جاتے ہیں، بحث نہیں ہوتی، اپوزیشن شور نہیں مچاتی، اور نہ ہی کوئی پارلیمان کا دروازہ کھٹکھٹاتا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ آج اگر دنیا کے کسی گوشے سے جنگ کے بادل نمودار ہوتے ہیں، تو پاکستان میں ایک نیا جنرل بھی “تیار” نظر آتا ہے۔ جیسے آج فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر صاحب ایک ایسی تصویر بنتے جا رہے ہیں جو ماضی کی تمام آمریتوں کی یاد دلاتی ہے۔
یہ پاکستان کی بدقسمتی ہے کہ جب بھی عالمی طاقتیں اپنی مہمات کے لیے پاکستان کو استعمال کرتی ہیں، تو اس کا سب سے بڑا نقصان پاکستانی عوام کو ہوتا ہے۔ آئین روند دیا جاتا ہے، پارلیمان بے بس ہو جاتی ہے، عدالتیں خاموش ہو جاتی ہیں، اور صحافت پر پہرے لگ جاتے ہیں۔
یہ سلسلہ کب رکے گا؟
تب جب پاکستان خارجہ پالیسی میں آزادی کو ترجیح دے گا، جب جمہوری ادارے مضبوط ہوں گے، جب ہر فرد کا ووٹ عزت پائے گا، اور جب ہم اندرونی یکجہتی کے ساتھ اپنے فیصلے خود کریں گے۔ ورنہ ہر نئی جنگ سے پہلے ایک نیا جرنیل تیار ملے گا — اور ہر نئی آمریت پرانے زخموں کو پھر سے ہرا کر دے گی۔

*یہ آئینہ وقت ہے — جہاں سچ عکس بنتا ہے*۔