آئینہ وقت از: محمد حنیف شاہد ارائیں دنیا کا منظرنامہ ایک بار پھر دہکتے انگاروں جیسا ہوتا جا رہا ہے۔
آئینہ وقت
از: محمد حنیف شاہد ارائیں
دنیا کا منظرنامہ ایک بار پھر دہکتے انگاروں جیسا ہوتا جا رہا ہے۔ ہر طرف بےچینی، خوف اور اندیشے ہیں۔ مشرقِ وسطیٰ کے افق پر گہرے سیاہ بادل منڈلا رہے ہیں، اور ان بادلوں کے پیچھے وہ آگ چھپی ہے جو نہ صرف ایک ملک بلکہ پورے خطے کو لپیٹ میں لینے کی طاقت رکھتی ہے۔
اسرائیل نے امریکہ کو ایس او ایس پیغام دے دیا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ انٹرسیپٹر میزائلز کی کمی شدت اختیار کر چکی ہے، اور وہ اب امریکہ کے کندھے پر سر رکھ کر اپنی بقا کی جنگ لڑنا چاہتا ہے۔ یہ بھی طے ہے کہ چین اور روس چاہیں بھی تو اس مرحلے پر کچھ نہیں کر سکتے۔ اس کی ایک ہی وجہ ہے: ان کے پاس وہ بلو واٹر نیوی نہیں جو انھیں اتنے فاصلے پر مکمل جنگ میں کامیابی کی ضمانت دے سکے۔ جنگ صرف میزائل اور طیاروں سے نہیں جیتی جاتی، اس کے لیے سمندر میں بھی طاقتور بازو درکار ہوتے ہیں، اور وہ امریکہ کے پاس ہیں۔
آنے والے چوبیس سے اڑتالیس گھنٹے فیصلہ کن ہیں۔ اگر اس دوران کوئی سفارتی کوشش کامیاب ہو جائے، اگر کہیں سے عقل کی کوئی کرن چمک اٹھے، اگر کچھ لو اور بہت کچھ دو کی بنیاد پر کسی معاہدے کی شکل بن جائے، تو یہ پوری دنیا کے لیے ایک سانس لینے جیسا لمحہ ہوگا۔ لیکن اگر ایسا نہ ہوا، تو یہ جنگ صرف ایران اور اسرائیل کی نہیں رہے گی، یہ پورے مشرقِ وسطیٰ کو لپیٹ میں لے لے گی۔
ایران کے بعد باری پاکستان کی بھی لگ سکتی ہے۔ بھارت اپنے سنہرے خوابوں میں گم، اس موقع کو کیش کرنے کے لیے بےچین ہو گا۔ اور یہی وہ لمحہ ہوگا جہاں کوئی بھی قدم غلط ہوا، تو جنوب ایشیا بھی شعلوں کی زد میں آ سکتا ہے۔
یہ وقت نعرے لگانے کا نہیں، یہ وقت دعا کا ہے۔ دعا کہ جنگ ٹل جائے، خون ریزی رک جائے، اور عقل و حکمت کے در کھل جائیں۔ اگر ایران کی سرزمین ہی پر یہ طوفان تھم گیا، تو شاید دنیا کچھ اور سانسیں لے پائے۔ ورنہ اس بار صرف تاریخ نہیں بدلے گی، نقشہ بھی بدلے گا۔
یہی وقت ہے کہ ہم صرف تماشائی نہ بنیں، دل سے یہ دعا کریں:
یا اللہ، اس زمین پر امن نازل فرما، اور انسانوں کو انسانوں کا خون بہانے سے روک دے۔ آمین