ٹوبہ ٹیک سنگھ (افضل کھیتران ڈسٹرکٹ بیوروچیف )محرم الحرام کے دوران امن و امان، بین المذاہب ہم آہنگی اور شہری سہولیات کی
ٹوبہ ٹیک سنگھ (افضل کھیتران ڈسٹرکٹ بیوروچیف )محرم الحرام کے دوران امن و امان، بین المذاہب ہم آہنگی اور شہری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت ضلعی سطح پر ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ یہ اجلاس ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ذیشان لبھا مسیح اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبادت نثار کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں بلدیاتی اداروں، محکمہ صحت، فیسکو، سوئی گیس، پی ٹی سی ایل، تعلیم اور تعلقات عامہ سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے پرامن انعقاد، سیکیورٹی پلان، صفائی ستھرائی، بجلی و گیس کی بلاتعطل فراہمی، ٹریفک کی روانی اور دیگر شہری سہولیات پر تفصیلی غور کیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے محکماتی انتظامی پلانز فوری طور پر ڈپٹی کمشنر آفس میں جمع کروائیں تاکہ ایک جامع اور مو¿ثر ضلعی حکمت عملی مرتب کی جا سکے۔ڈی پی او عبادت نثار نے سیکیورٹی انتظامات پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جلوسوں کے تمام روٹس پر پولیس فورس کی تعیناتی، چیکنگ پوائنٹس، سی سی ٹی وی مانیٹرنگ اور دیگر حفاظتی اقدامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ محرم الحرام کے دوران ضلعی و تحصیل سطح پر کنٹرول رومز قائم کیے جائیں گے، جن میں تمام متعلقہ محکموں کے افسران کی ڈیوٹی یقینی بنائی جائے گی تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت اور مو¿ثر انداز میں نمٹا جا سکے۔