*پنجاب بجٹ 2025-26، ،،محکمہ ٹرانسپورٹ کے چھے میگا منصوبے۔*
*پنجاب بجٹ 2025-26، ،،محکمہ ٹرانسپورٹ کے چھے میگا منصوبے۔*
شامل،،ماحول دوست پبلک ٹرانسپورٹ کے لیے 310 ارب روپے مختص، لاہور، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں بڑے منصوبے متعارف کرانے کا فیصلہ
پنجاب کے آئندہ مالی سال 2025-26 کے بجٹ میں محکمہ ٹرانسپورٹ کے لیے بڑے پیمانے پر فنڈز مختص کیے گئے ہیں، جن کے تحت صوبے بھر میں ماحول دوست اور عالمی معیار کی پبلک ٹرانسپورٹ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ محکمہ ٹرانسپورٹ نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں 310 ارب روپے مختص کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
حکام کے مطابق لاہور میں ییلو لائن کے نام سے عالمی معیار کا 24 کلومیٹر طویل منصوبہ شروع کیا جائے گا، جو ٹھوکر نیاز بیگ چوک سے ہربنس پورہ تک کنال کے اطراف تعمیر کیا جائے گا۔ اس منصوبے کے لیے 80 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
لاہور سمیت پنجاب کے دیگر اضلاع کے لیے 600 الیکٹرک بسوں کی خریداری اور 33 بس ڈپو کی تعمیر کے لیے 60 ارب روپے رکھے گئے ہیں، جس سے ماحول دوست سفری سہولتوں میں اضافہ ہوگا۔
لاہور میں ایک جدید ٹرانسپورٹ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی تعمیر بھی منصوبے کا حصہ ہے، جس کے لیے 5 ارب 60 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ یہ سینٹر دو سال میں مکمل کیا جائے گا اور صوبائی دارالحکومت میں ٹرانسپورٹ سسٹم کو جدید خطوط پر استوار کرے گا۔
بجٹ میں فیصل آباد کے لیے میٹرو بس سروس کا آغاز کرنے کے لیے 120 ارب روپے رکھے گئے ہیں، جو دسمبر 2026 تک مکمل ہوگی۔ اس منصوبے سے صنعتی شہر فیصل آباد میں شہریوں کو معیاری اور آرام دہ سفری سہولت میسر آئے گی۔
اسی طرح گوجرانوالہ میں میٹرو بس سروس کے منصوبے کے لیے 30 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جسے آئندہ مالی سال کے دوران ہی مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
حکومت پنجاب کے مطابق یہ تمام منصوبے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے ترقیاتی وژن کا حصہ ہیں، جن کا مقصد شہریوں کو باوقار، معیاری اور ماحول دوست سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔