November 16, 2026

*ایران: 2500 سالہ تاریخ، اسلامی انقلاب اور عصرِ حاضر کی مزاحمتی قوت*

20250612_152100

*ایران: 2500 سالہ تاریخ، اسلامی انقلاب اور عصرِ حاضر کی مزاحمتی قوت*
✍️ *ایک حقیقت تھی کے عمران خان نے کہا تھا اگر میں فلسطین میں ہوتا تو حماس کے لئے لڑتا ہوتا*

ایران کی 2500 سال سے زائد کی تاریخ تہذیبی، فکری، عسکری اور روحانی جہات سے بھرپور ہے۔ یہ سرزمین قدیم زمانے سے سلطنتوں اور نظریات کی جنم بھومی رہی ہے، لیکن جو چیز اس کی تاریخ کو سب سے نمایاں بناتی ہے وہ ہے اس کا ناقابل تسخیر مزاج، قومی وحدت، اور غیر معمولی فکری استقلال۔ اسلام سے قبل ایران ساسانی سلطنت کے تحت ایک بڑی سیاسی اور عسکری قوت تھا، مگر جب اسلامی لشکر حضرت عمر بن خطابؓ کے دور میں حضرت سعد بن ابی وقاصؓ کی قیادت میں قادسیہ اور پھر نہاوند کی جنگ جیت کر فارس میں داخل ہوئے، تو یہ محض تلوار کا غلبہ نہ تھا، بلکہ ایک اعلیٰ فکری نظام کی حقانیت کا غلبہ تھا۔
ایران وہ واحد خطہ ہے جسے اسلامی تاریخ میں مکمل طور پر غیر مسلم طاقت کے طور پر زیر کیا گیا اور جس نے بعد ازاں دل سے اسلام کو قبول کیا۔ اس فتح نے ایران کی روحانی ساخت کو بدل دیا، اور آنے والے صدیوں میں یہ علمی، فقہی، فلسفیانہ اور صوفیانہ علوم کا مرکز بن گیا۔ ایرانیوں نے اسلام کو محض قبول نہیں کیا بلکہ اس کی تہذیب کو سینے سے لگایا، اور اسے اپنی شناخت کا محور بنا لیا۔
اسلامی تہذیب کے دائرے میں شامل ہونے کے بعد ایران نے اگرچہ کئی بار بیرونی جارحیتوں اور داخلی خلفشار کا سامنا کیا، لیکن وہ اپنی قومی روح اور تہذیبی جوہر سے کبھی دستبردار نہیں ہوا۔ مغل، منگول، ترک اور دیگر حملہ آوروں نے وقتی فتح حاصل کی لیکن ایران کو زوال نہ دے سکے۔ یہی وہ قومی شعور ہے جس نے اسے ہمیشہ دوبارہ ابھرنے پر آمادہ رکھا۔
1979ء کا اسلامی انقلاب اس تسلسل کا ایک نیا، مگر فطری باب تھا۔ امام خمینی کی قیادت میں ایران نے شاہی آمریت، امریکی تسلط، اور مغربی ثقافتی یلغار کے خلاف بغاوت کی۔ اس انقلاب کا پیغام داخلی خودمختاری، نظریاتی خودداری، اور عالمی استعماری قوتوں سے مزاحمت تھا۔ تب سے لے کر آج تک، ایران مسلسل دباؤ، پابندیوں اور سازشوں کے باوجود نہ صرف قائم ہے بلکہ ایک نظریاتی قوت کے طور پر ابھرا ہے۔
ایران نے فلسطین کی کھل کر حمایت کی۔ اسرائیل کے خلاف اس کی پالیسی محض بیانات تک محدود نہیں رہی بلکہ حماس، حزب اللہ اور دیگر مزاحمتی گروہوں کی مدد کر کے اس نے اسرائیل کے خلاف ایک مزاحمتی بلاک کی بنیاد رکھی۔ لبنان، شام، اور یمن میں بھی ایران کا اثر و رسوخ نہ صرف نظریاتی ہم آہنگی بلکہ عملی تعاون پر مبنی رہا ہے۔ یہ وہی خلوص ہے جو اسے امتِ مسلمہ میں ایک مخصوص مقام دیتا ہے۔
مگر ایران کی مزاحمت صرف نعروں تک محدود نہیں۔ 1980ء سے 1988ء تک جاری ایران-عراق جنگ، جسے عالمی طاقتوں نے مسلط کیا، اس بات کا ثبوت ہے کہ ایران کی مزاحمت کی قیمت چکانے کی کوششیں کی گئیں۔ صدام حسین کو مغرب، عرب بادشاہتوں اور اسرائیلی مفادات کے محافظ کے طور پر سامنے لایا گیا۔ فرقہ واریت کو ہوا دی گئی تاکہ ایران کی اسلامی مزاحمتی سوچ کو تنہا کیا جا سکے۔ لیکن ایران نے یہ جنگ اپنے وسائل، قربانیوں اور قومی شعور سے جیتی۔ جنگ کے بعد کے عشروں میں اسے اقتصادی پابندیوں، سائبر حملوں، خفیہ سازشوں، اور عالمی میڈیا کی مہمات کا سامنا کرنا پڑا، لیکن اس کی شناخت مٹائی نہ جا سکی۔
تازہ ترین حالات میں ایران ایک مرتبہ پھر عالمی میڈیا اور سیاست کا مرکز ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے تہران میں ایک اہم پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ اسرائیل کے ایران پر حملوں میں امریکا براہ راست شریک ہے، اور اس کے سنگین نتائج ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے ایران کی ایٹمی تنصیبات کو نشانہ بنا کر “ریڈ لائن” عبور کر لی ہے۔ عباس عراقچی نے الزام لگایا کہ امریکا کی رضامندی کے بغیر اسرائیلی حملہ ممکن ہی نہیں تھا، اور اس میں امریکی مداخلت کے ٹھوس شواہد موجود ہیں، حالانکہ امریکا نے ایک مراسلے کے ذریعے حملے سے لاتعلقی کا دعویٰ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر حملے خلیج فارس میں جنگ کا دائرہ وسیع کر سکتے ہیں، اور اگر ایران کو مجبور کیا گیا تو جنگ کو دیگر ممالک تک بڑھانے پر بھی غور کیا جا سکتا ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ ایران کسی ایسے معاہدے کا حصہ نہیں بنے گا جو اسے جوہری توانائی کے حق سے روکے، اور 60 فیصد سے زائد یورینیم کی افزودگی کا عمل جاری رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے جان بوجھ کر ایک اہم ایرانی شخصیت کو شہید کرکے جوہری مذاکرات کو سبوتاژ کیا۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کی جارحیت کا نوٹس لے، کیونکہ ان حملوں کا مقصد صرف ایران کو کمزور کرنا نہیں بلکہ خطے میں مکمل جنگ کی آگ بھڑکانا ہے۔
یہ بیانات اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ ایران آج بھی اسی نظریاتی، مزاحمتی اور خودمختار شناخت پر قائم ہے جو اس نے صدیوں پہلے اسلام قبول کرتے وقت اپنائی تھی۔ وہ نہ جھکا ہے، نہ بکا، نہ ہارا ہے۔ ایران کی کہانی ایک مسلسل جدوجہد، قربانی، فکری بالیدگی، اور امتِ مسلمہ کی قیادت کا دعویٰ لیے ہوئے ہے۔ یہ تحریر، اگرچہ طویل سہی، لیکن اس حقیقت کو واضح کرتی ہے کہ ایران صرف ایک ملک نہیں، ایک مزاحمتی نظریہ ہے جو نہ دبایا جا سکتا ہے، نہ خریدا جا سکتا ہے، اور نہ ختم کیا جا سکتا ہے۔
✍️ *تحقیق و تحریر میر شاہد علی خان رند بانی رہنما پاکستان تحریک انصاف لاڑکانہ سندھ*
*15 جون 2025*